لاہور۔27مئی (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی مستقبل کو مستحکم بنانے کیلئے جدت، ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی ضروری ہیں لہذا کاروباری برادری کو اس جانب بھرپور توجہ دینا ہوگی۔وہ منگل کے روز یہاں فارمین کرسچن کالج یونیورسٹی لاہور میں منعقدہ "فارمین انٹرنیشنل کانفرنس آن بزنس اینڈ انوویشن 2025″سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ریکٹر ڈاکٹر جوناتھن ایس ایڈلٹن، اسکول آف مینجمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر شعیب نذیر اور ڈین ڈاکٹر رائو رضا ہاشم نے بھی خطاب کیا۔انجینئر خالد عثمان نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ کانفرنس بہت اہمیت کی حامل ہے، یہ محققین، تعلیمی ماہرین، صنعت کاروں اور کاروباری ماہرین کو ایک مو ثر پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے تاکہ وہ خیالات کا تبادلہ کریں اور موجودہ چیلنجز کا حل تلاش کریں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں معاشی ترقی میں جدت کوئی آپشن نہیں بلکہ ایک ضرورت بن چکی ہے۔ آج کے کاروباری رہنماوں کو صرف منافع کمانے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں اخلاقیات، ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگی اور سماجی ذمہ داری کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جرمنی، جنوبی کوریا، جاپان و دیگر ممالک نے تعلیم، اخلاقی کاروباری اصولوں اور صنعت و تعلیمی اداروں کے درمیان قریبی اشتراک کے ذریعے ترقی حاصل کی ہے،پاکستان کو بھی ان ماڈلز سے سبق سیکھنا چاہیے۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر نے نوجوانوں کو با اختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعات کو صنعت و تجارت کے شعبے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنا چاہیے تاکہ طلبہ نہ صرف نوکریاں تلاش کرنے والے بنیں بلکہ روزگار فراہم کرنے والے اور لیڈر بھی بن سکیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا انحصار تعلیم اور صنعت کے درمیان فاصلے کم کرنے میں ہے۔انجینئر خالد عثمان نے کہا کہ ہمیں آج اپنے نوجوانوں میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی تاکہ وہ کل نہ صرف قابل منیجرز بلکہ ذمہ دار اور ویژنری لیڈرز بن کر ملک کا مستقبل روشن بنا سکیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601927