اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحق ڈار نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی معاشی برائیوں کی جڑ ہے، مستحکم کرنسی ہی میں ملک کی معاشی ترقی کا راز ہے۔
پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر کامران مرتضیٰ کی ملک میں روپے کی قدر میں کمی اور مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قلت کے نتیجہ میں افراط زر میں اضافے اور عوام کو درپیش مالی مشکلات کو زیر بحث لانے کی تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحق ڈار نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی معاشی برائیوں کی جڑ ہے،
ذاتی مقاصد کے لئے ڈالر کی قیمتوں سے متعلق افواہوں سے ملک کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے، 1998 میں ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال کا سامنا تھا۔ نواز شریف نے 6 ایٹمی دھماکے کر کے ملک کا دفاع مضبوط کیا، روپے کی قدر میں کمی سنجیدہ معاملہ ہے، مستحکم کرنسی ہی میں ملک کی معاشی ترقی کا راز ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر کم ہونے سے خسارہ اور قرضوں میں اضافہ ہوتا ہے، اس سے قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی بڑھتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414623