اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے کہا ہے کہ عوام نے بدعنوان اپوزیشن کو مسترد کیا تھا اور اب وہ اپنی بدعنوانیوں کو چھپانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں لیکن انہیں مستقبل میں بھی مایوسی اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت متحد ہے اور سب کو ایک دوسرے پر اعتماد ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ ذاتی حملے سے گریز کریں اور ایک دسرے کے خلاف توہین آمیز بیان بازی کرنے کی بجائے قوم کی خدمت کرنے کیلئے مستقبل کا ایجنڈا پیش کریں۔ کنول شوذب نے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کے ن لیگی رہنما مریم نواز کے حوالے سے ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں کہا ہے کہ وہ سیاسی بیانات دیتے ہوئے تمام خواتین کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست زیادہ سنجیدگی، رفاقت اور نفاست کی مستحق ہے، سیاست میں اشتعال انگیزی کلچر کے ذمہ دار لوگوں کو اپنے طریقوں کو بدلنا چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں، ارکان پارلیمنٹ اور سوشل میڈیا صارفین کو اجتماعی طور پر ایک دوسرے کی ذاتی زندگی بالخصوص طور پر خواتین کے بارے میں نامناسب زبان استعمال کرنے کے منفی رحجان کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نے بلاول بھٹو، احسن اقبال اور طلال چوہدری کی طرف سے وزیراعظم عمران خان اور ان کی فیملی کے بارے نامناسب زبان استعمال کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر نان ایشوز پر سیاست کرتے ہیں انہیں شرمندگی اور توہین کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اپنی تقاریر میں خواتین کی کردار کشی نہیں کی، اسی طرح دیگر سیاستدانوں کو ان سے سبق سیکھ کر اپنی سیاست میں مثبت رحجان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔