فیصل آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی):ایوان صنعت وتجارت فیصل آبادکے سینئر نائب صدرڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق2030تک فیصل آ باد کی آبادی دوگنا ہو جانے کے باعث مستقبل میں فراہمی و نکاسی آب سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے ابھی سے اقدامات کرنا ہوں گے جبکہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے اشتراک سے شہریوں کا معیار زندگی بتدریج بہتر بنا نے میں مدد ملے گی
انہوں نے بتایاکہ جائیکا کے تعاون سے فیصل آباد کے شہریوں کا معیار زندگی بتدریج بہتر ہو رہا ہے تاہم آبادی میں اضافہ کے پیش نظر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے نئے منصوبے شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جائیکا نے جہاں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کے لئے گرانقدر معاونت کی ہے وہیں پرانی مشینری کی تبدیلی کیلئے بھی گرانٹ پر فیصل آباد کے شہری جاپانی حکومت کے مشکور ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جائیکا کی طرف سے فراہم کی جانے والی مشینری کی وجہ سے بارشوں کے دوران نکاسی آب کا مسئلہ فوری طور پر حل ہو رہا ہے تاہم 2030تک فیصل آباد کی آبادی دوگنی ہوجائیگی جس کیلئے ان منصوبوں کو نہ صرف جاری رکھنے بلکہ نئے منصوبے شروع کرنے کی بھی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جائیکا نے واسا اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو حال ہی میں کوڑا کرکٹ اٹھانے اور نالوں کی صفائی کیلئے جدید مشینری اور ڈمپر دیئے ہیں جبکہ مذکورہ مشینری کی دیکھ بھال کیلئے متعلقہ عملہ کی تربیت بھی ضروری ہے تا کہ اس مشینری کی مناسب دیکھ بھال کے ذریعے ان سے طویل مدت کیلئے کام لیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ جائیکا کی وجہ سے مجموعی طور پر فیصل آباد کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے اس شہر میں مڈل کلاس تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسی طرح اربن اور رورل علاقوں میں سہولیات کے واضح تفاوت کی وجہ سے دیہی علاقوں سے شہروں کی طرف نقل مکانی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں شہروں میں دستیاب سہولیات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ان کی کوالٹی کو بڑھانے کے لئے بھی جائیکا کی ٹیکنیکل اسسٹنس اور مالی امداد درکار ہوگی۔