لاہور /نارووال ۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے مستقبل کی معیشت ٹیکنالوجی پر منحصر ہے، دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر شعبے میں ٹیکنالوجی متعارف کرانی ہوگی،ٹیکنالوجی میں ماہر نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ڈیجیٹل برآمدات میں اضافے کے لئے نوجوانوں کو تیار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت وژن 2025 اور 2030 کے تحت یوتھ کو جدید ترین علوم سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نارووال کیمپس میں نئے داخل ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ مستقبل کی معیشت ٹیکنالوجی پر منحصر ہے، پوری دنیا آئی ٹی شعبہ میں بہت آگے نکل چکی ہے ہماری نئی نسل کو ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے آنا ہوگا،پاکستان ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے جہاں جدید ترین ٹیکنالوجی کو اپنانے میں پیچھے رہنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہمیں دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر شعبے میں ٹیکنالوجی متعارف کرانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجیز صنعتوں میں انقلاب لانے، فیصلہ سازی کے عمل کو بڑھانے اور نئے اقتصادی مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، انہوں نے ملک کے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ وہ نہ صرف اپنے لئے اچھے وسائل کما سکیں بلکہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے میں بھی ان کی مدد کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا مکمل فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں مصنوعی ذہانت (AI)، بلاک چین ٹیکنالوجی، اوپن سورس انٹیلی جنس ، کوانٹم کمپیوٹنگ، سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل میڈیا لٹریسی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور تعلیم و تربیت پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ، ہمارے نوجوانوں میں پاکستان کو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے آگے لے جانے کی صلاحیت موجود ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں ماہر نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ اور ہمارے مستقبل کے معمار ہیں ، ڈیجیٹل ایکسپورٹ میں اضافے کے لئے نوجوانوں کو تیار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وژن 2025 کا روڈمیپ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا تھا ، 2018 کے بعد ترقی کا سفر نام نہاد تبدیلی سے روک دیا گیا، سیاسی استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے ۔
انہوں نے ای گورننس اور تمام عوامی خدمات کو ڈیجیٹلائز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی لانے کے لیے پرعزم ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے دور میں کوئی بھی ملک معیشت کے مختلف شعبوں میں جدت اور سرمایہ کاری لائے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، میں آئی ٹی اور ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے افراد سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو آئی ٹی میں تعلیم یافتہ بنائیں تاکہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہو سکے ۔
اس موقع پر نارووال سے شعبہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد نے سوالات کئے ۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انشااللہ بہت جلد پاکستان بھی اس شعبے میں سب سے آگے ہوگا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجنیئرنگ نارووال شاہد منیر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور طلبہ کے سوالات کے جوابات دئیے۔