باکو۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نےمختلف ممالک کے وزرا اور عالمی اداروں کے مندوبین پر مشتمل کاپ29 اجلاس میں ٹرانسپورٹ اور ڈیجیٹل مڈل کوریڈور اینڈ بیانڈ کے لئے مختص دو روزہ سیشن میں پاکستان کے وفد کی قیادت کی۔
باکو،آذربائیجان میں منعقد ہونے والے اس عالمی فورم میں پاکستان کے علاوہ ترکیہ، جارجیا، بلغاریہ، نیدرلینڈ، کرغزستان،رومانیہ، اٹلی اور آذربائیجان شریک ہیں جبکہ یو این مشن، یورپین کمیشن، یو آئی سی، آئی آر یو، آئی ٹی ایف اور دیگر عالمی اداروں کے مندوبین بھی اس فورم میں شریک ہوئے۔ اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے گرین اربن ٹرانسپورٹ، الیکٹر ک وہیکلرز اور رنیو ایبل انرجی جیسے منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ بڑے شہروں میں آبادی کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور ائیر کوالٹی انڈیکس میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کام کا آغاز ہو چکا ہے اور طے شدہ پالیسی کے مطابق پاکستان 2030تک 30فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کا خواہا ں ہے،اسی طرح الیکٹر ک گاڑیوں کے لئے چارجنگ سٹیشن اور دیگر ضرویات کی فراہمی پر بھی کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں پہلے بائیو میتھین ہائی برڈ بسوں کا فلیٹ فیول کی سو فیصد بچت کرے گا جبکہ پاکستان میں نیشنل گرین ٹرانسپورٹ منصوبے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا آپشن بھی موجود ہے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے باکو، آذربائیجان میں کاپ29جیسے فورم کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستان کی طرف سے مکمل شرکت و تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں خاص طور پر کلائمیٹ چینج اور سموگ جیسے نئے چیلنجز درپیش ہیں جس سے انسانی حیات متاثر ہو رہی ہے لہذا ہمیں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں زیادہ مائیکرو سطح تک کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ڈیجیٹل مڈل کوریڈور اینڈ بیانڈ کے سیشن میں بھی شرکت کی جہاں ذرائع آمدورفت میں گرین ٹیکنالوجی کے فروغ، دھویں کو کم کرنے اور ڈیجیٹلائزیشن و آٹو میشن جیسے منصوبوں پر اظہار خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایسے اقدام فیصلہ سازی، ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے اور دیر پا پالیسیوں کے نفاذ میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد اس فورم سے مثبت اور قابل عمل تجاویز کے ساتھ واپس جائے گا اور ہم ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آئندہ کی ٹھوس حکمت عملی ترتیب دیں گے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بالخصوص آذربائیجان کے وزیر ٹرانسپورٹ راشد نبی اوف اور وزیر معیشت میکائیل جیباروف کا شکریہ ادا کیا جبکہ اس فورم میں شریک دیگر ممالک کے وزراء صاحبان اور مندوبین سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔