
کراچی۔ 29 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے مستونگ اور ہنگو میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والے عناصر نے مقدس دن پر معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور ہماری مسلح افواج اس سلسلے میں ایک پیج پر ہیں اور وہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور پاکستان دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھماکے میں ملوث عناصر اور ان میں سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم دیا ہے۔ جان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے نگراں وزیراعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی کی ہدایت پر مستونگ دھماکے کے المناک واقعہ پر صوبے بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، تین دن کے سوگ کے دوران سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہیں گے، سوگ کا مقصد شہداء کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے جائے حادثہ پر موجود ہیں جبکہ شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے جہاں تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، صوبائی حکومت زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرے گی اور اگر ضرورت پڑی تو شدید زخمی کو کراچی منتقل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں سندھ حکومت سے رابطہ کیا ہے اور انہوں نے شدید زخمیوں کے علاج کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق یہ خودکش حملہ تھا جس میں عید میلاد النبی ﷺکے جلوس کو نشانہ بنایا گیا جس میں 25 افراد شہید جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے لیکن دھماکے سے ہونے والی ہلاکتوں کی مکمل تفصیلات کی تصدیق، تصدیقی عمل کے بعد کی جائے گی۔
جان اچکزئی نے ژوب میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی بھی مذمت کی جس میں سکیورٹی فورس کے چار اہلکار شہید ہوئے۔ انہوں نے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے وطن کی سالمیت اور اہل وطن کی سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وزیراطلاعات نے مستونگ، ہنگو اور ژوب واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعابھی کی۔