مسجد اقصیٰ مسلمانوں کا قبلہ اول ہےاسکے تقدس کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی کی سراج الحق سے گفتگو

171
صومالیہ کے وزیر خارجہ عبد السید ایم علی کا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عبادت میں مصروف فلسطینی مسلمانوں کو جس طرح جبرو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اس سے پوری امت مسلمہ شدید تشویش میں مبتلا ہے، مسجد اقصیٰ مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک اور مسلمانوں کا قبلہ اول ہےاسکے تقدس کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، فلسطین کی صورتحال پر مشترکہ لائحہ عمل کیلئے او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا وزرائے خارجہ سطح کا ہنگامی اجلاس 16 مئی کو طلب کیا گیا ہے، ہنگامی اجلاس میں شرکا کو پاکستانی قوم کی تشویش اور اضطراب سے آگاہ کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران کیا۔

اس حوالے سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور دونوں رہنمائوں نے فلسطین کی صورتحال اور اتحاد بین المسلمین سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں کا فلسطینیوں پر مسلط اسرائیلی جارحیت کی پر زور مذمت کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عبادت میں مصروف فلسطینی مسلمانوں کو جس طرح جبرو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اس سے پوری امت مسلمہ شدید تشویش میں مبتلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک ہے اور مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، بیت المقدس /مسجد اقصٰی کے تقدس کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔وزیر خارجہ نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے فلسطینیوں پر جاری مظالم رکوانے اور مسئلہ فلسطین کے پرامن حل کیلئے عالمی برادری سے جاری روابط سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کیلئے، او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا وزرائے خارجہ سطح کا ہنگامی اجلاس 16 مئی کو طلب کر لیا گیا ہے، میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کروں گا اور شرکا کو پاکستانی قوم کی تشویش اور اضطراب سے آگاہ کروں گا ۔ وزیر خارجہ نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو فلسطین کے معاملے پرپاکستان کی جانب سے اب تک کی جانے والی سفارتی کاوشوں سے بھی مطلع کیا اور کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے معاملے پر پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتیں یکساں موقف کی حامل ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وزیر خارجہ کو فلسطین کے معاملے پر جماعت اسلامی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔