مسجد اقصیٰ کو نذرآتش کرنے کی کوشش کے 47سال مکمل ہوگئے

345

جدہ ۔ 22 اگست (اے پی پی) اسلامی تعاون کی تنظیم (اوآئی سی) نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اورفلسطینیوں کے حق خودارادیت پر مسلم امہ کا موقف یکساں ہے۔یہ بات مسجد اقصیٰ کو نذرآتش کرنے کی کوشش کے 47سال مکمل ہونے پر تنظیم کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔بیان میں کہا گیاہے کہ آج قبل اول کو جلانے کے تکلیف دہ اوردل شکن واقعے کے 47سال مکمل ہوگئے ہیں،یہ بات قابل افسوس ہے کہ اسرائیلی فورسز کی نگرانی اورسرپرستی میں انتہاپسند صیہونی آباد کاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر حملوں اورجارحیت کا سلسلہ تھما نہیں بلکہ اب بھی جاری ہے،اس کے ساتھ ساتھ بیت المقدس کو صیہونی رنگ دینے،اورمسجد اقصیٰ میں توڑ پھوڑ کرکے ہیکل سلیمانی کی تعمیر کی کوششیں بھی ہورہی ہیں جو تمام مسلمہ بین الاقوامی قوانین اورانسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔بیان میں کہا گیاہے کہ القدس شریف کی حرمت کویقینی بنانے سے ہی خطے میں دیرپا اورپائیدار امن کا قیام ممکن ہے۔بیان میں بین الاقوامی برادری سے مسجد اقصیٰ کے تحفظ اورالقدس شریف کی حرمت کو یقینی بنانے کیلئے اسرائیل پر دباو بڑھانے کا مطالبہ کیا گیاہے۔بیان میں اوآئی سی کے رکن ممالک سے بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔