اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے فلسطینی قوم کے ساتھ حکومت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور نہتے فلسطینیوں پر انسانیت سوز مظالم ناقابل قبول ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کا واضح اور اصولی موقف ہے کہ پاکستان اسرائیل کو ایک ناجائز اور غاصب طاقت سمجھتا ہے اور اسے کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ وہ منگل کو ترکی کی میزبانی میں بیت المقدس کی تازہ ترین صورتحال پر ہنگامی ورچوئل کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ویڈیو لنک کانفرنس میں 60 ممالک کے 100 سے زائد مندوبین، اسلامی ممالک کے وزرا، مذہبی امور، مفتیان اور مذہبی امور کے صدور نے شرکت کی۔
ترکی کے وزیر مذہبی امور نے اپنے ابتدائی کلمات میں صدر طیب اروان کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے حکومتی موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بطور ریاست و حکومت فلسطینی قوم کے ساتھ اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور نہتے فلسطینیوں پر انسانیت سوز مظالم ناقابل قبول ہیں، مسجد اقصی کی بے حرمتی اور بربریت کے واقعات کسی ایک مذہب یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ انسانی المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا القدس کے ساتھ دینی، قلبی اور روحانی تعلق ہے۔
القدس تمام ادیان، مذاہب اور ثقافتوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی بزدلانہ کارروائی مذہبی آزادیوں اور دینی حریت پر حملہ ہے۔ انسانی حقوق اور مذہبی آزادیوں کیلئے کام کرنے والی عالمی تنظیمیں اور ادارے فی الفور آواز اٹھائیں اور متحرک ہو کر عملی اقدامات کا آغاز کریں۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل ہنگامی طور پر مسئلہ کی سنگینی کے طرف متوجہ ہوں۔
اسلامی ممالک کی تنظیم کو بھی فوری، موثر اور مربوط اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنے قیام کے ابتدائی ایام سے لے کر آج کے دن تک فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا واضح اور اصولی موقف یہی ہے کہ پاکستان اسرائیل کو ایک ناجائز اور غاصب طاقت سمجھتا ہے اور اسے کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔