مکہ مکرمہ ۔8مارچ (اے پی پی):سعودی عرب میں لاکھوں فرزندان اسلام نے الحرمین الشریفین میں رمضان کے پہلے جمعہ کی نماز خشوع و خصوع سے ادا کی اور بیشتر وقت دعاوں میں گزارا۔ ایس پی اےکے مطابق الحرمین الشریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کے اندر اور بیرونی صحنوں میں جمعہ کو صبح سے ہی انتظامات مکمل کرلیے تھے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ آرام وسکون سے نماز ادا کریں۔
انتظامیہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آنے والوں کی سہولت کے لیے 11 ہزار سے زائد کارکنوں کو تعینات کیا تھا جو زائرین کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں نماز کے لیے مخصوص مقامات کی نشاندہی کرتے رہے۔مسجد نبوی میں بھی انتظامیہ نے زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے تھے۔
مسجد نبوی کے بیرونی صحنوں، برآمدوں اور چھت پر بھی نماز ادا کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔راہداریوں کو خالی رکھنے کےلیے اہکاروں کو جگہ جگہ تعینات کیا گیا تھا جن کی ذمہ داری تھی کہ وہ گزرگاہوں پر لوگوں بیٹھنے نہ دیں۔