مکہ مکرمہ۔19فروری (اے پی پی):سعودی عرب میں ادارہ امورحرمین کی جانب سے عمرہ زائرین کو سہولت فراہم کرنے اورمسجد الحرام میں خدمات کے معیار کو مزید بہتربنانے کے لیے سروے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق مسجد الحرام میں سروے اورانفارمیشن سینٹرکے ڈائریکٹر محمد بن سعد السویھری نے بتایا کہ عمرہ زائرین سے کیے جانے والے سروے کا مقصد مطاف اور مسعی میں گزرنے والے دورانیہ کا حساب لگانا ہے تاکہ ایام حج اور رمضان کے دوران بڑی تعداد میں زائرین کی آمد کے موقع پرسروے رپورٹس کی بنیاد پر جامع منصوبہ بندی کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ سروے میں عمرہ زائرین سے یہ معلوم کیاگیا کہ طواف کتنے وقت میں کرتے ہیں بعدازاں سعی میں کتنا وقت لگتاہے جبکہ طواف سے مسعی تک پہنچنے میں کتنا وقت لگتا ہے۔سروے میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ طواف اور سعی کےلیے کون سی ویل چیئزرزیادہ استعمال ہوتی ہیں، نماز کی ادائیگی اورمسجد الحرام میں کون سی جگہ بیٹھنے کےلیے انہیں پسند ہے۔
سروے کے بعد حاصل ہونے والے نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی تاکہ رمضان اور ایام حج میں انتظامی امورمیں آسانی ہواور زائرین کوبھی کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔محمد بن سعد السویھری نے مزید کہا کہ مسجد الحرام میں آنے والے زائرین کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کےلیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔