مسجد الحرام میں پہلی بار جمعہ کے خطبہ کا 35 زبانوں میں ترجمہ، اسلامی پیغام کی عالمی رسائی کی جانب تاریخی پیش رفت

37
مسجد الحرام میں پہلی بار جمعہ کے خطبہ کا 35 زبانوں میں ترجمہ، اسلامی پیغام کی عالمی رسائی کی جانب تاریخی پیش رفت

مکہ مکرمہ۔4جولائی (اے پی پی):صدارتِ امور دینیہ برائے مسجد الحرام اور مسجد نبوی نے تاریخ میں پہلی بار مسجد الحرام میں جمعہ کے خطبے کا ترجمہ بیک وقت 35 زبانوں میں کر کے ایک سنگ میل عبور کر لیا ہے جو دنیا بھر کے مسلمانوں تک اسلام کے عالمگیر پیغام کو پہنچانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

یہ تاریخی اقدام اس وقت عمل میں آیا جب صدر امور دینیہ برائے حرمین شریفین شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے نمازِ جمعہ کی امامت کرائی۔

اس منصوبے کا مقصد زائرین اور عمرہ ادائیگی کرنے والوں کے روحانی تجربے کو بہتر بنانا، جمعہ کی فضیلت، آداب اور روحانی اہمیت کو اجاگر کرنا اور زبان کی رکاوٹوں کو ختم کر کے غیر عربی بولنے والے مسلمانوں تک دین کی حقیقی تعلیمات کو مؤثر انداز میں پہنچانا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدارتِ امور دینیہ کے مشیر اور میڈیا و ابلاغ کے جنرل سپروائزر فہیم الحمید نے کہا کہ خطبے کے ترجمے کا یہ منصوبہ عالمی سطح پر بین المذاہب مکالمے، تہذیبی ہم آہنگی اور اسلامی اتحاد کو فروغ دینے کی صدارت کی حکمت عملی کا حصہ ہے، یہ صرف ترجمے کا عمل نہیں بلکہ تہذیبوں، قوموں اور انسانوں کے درمیان پل تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا بھر سے آنے والا ہر نمازی چاہے وہ کسی بھی زبان سے تعلق رکھتا ہو خود کو روحانی طور پر خطبہ جمعہ سے جُڑا ہوا محسوس کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی بنیاد شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کے وژن پر رکھی گئی ہے، جنہوں نے حرمین شریفین کو عالمی دینی قیادت کا مرکز قرار دیا ہے، اُن کے مطابق "ہمارا پیغام عالمگیر ہے اور اسی لیے اسے دنیا کی مختلف زبانوں میں پہنچانا ناگزیر ہے۔” صدارتِ امور دینیہ برائے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے مطابق ترجمے کے اس عمل کو ایک منظم اور جدید آپریشنل ماڈل کے تحت مکمل کیا گیا، جو درستگی، مستندیت اور بروقت رسائی کو یقینی بناتا ہے۔

خطبات کا ترجمہ جدید صوتی نظام اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مسجد میں موجود نمازیوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے سامعین تک بھی پہنچایا جا رہا ہے۔یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے حرمین شریفین کو روحانی عظمت، بین الاقوامی مذہبی مکالمے اور عالمی رہنمائی کے مراکز کے طور پر پیش کرنے کی جاری کوششوں کا تسلسل ہے۔

خطبہ جمعہ کے 35 زبانوں میں ترجمے کے ساتھ، صدارتِ امور دینیہ نے شمولیت، ہم آہنگی اور اسلامی پیغام کی عالمگیریت کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان اس تاریخی ترجمے سے مستفید ہوئے، جو اسلامی پیغام رسانی، روحانی شمولیت اور بین الاقوامی تعلقات کی ایک نئی اور روشن راہ کی نشاندہی کرتا ہے۔