مسجد حرام کے اطراف رقبے کے اضافے کے لیے جاری منصوبے کا 85% کام مکمل

96

مکہ المکرمہ۔ 23 اگست (اے پی پی)حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مسجد حرام کے اطراف 3 ہزار مربع میٹر سے زیادہ رقبے کے اضافے کے لیے جاری منصوبے کا 85% کام مکمل کر لیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد بیت اللہ کا رخ کرنے والوں کی آمد و رفت کو آسان بنانا اور ہجوم کو منتظم کرنا ہے۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسیایس پی اے کے مطابق مذکورہ توسیع کے دوران بیرونی صحنوں میں وضو کرنے کے متعدد مقامات کو ختم کیا گیا۔جنرل پریذیڈنسی نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ رواں ماہ کے اواخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کا مقصد مسجد حرام کے اندر اور اس کے اطراف نمازیوں کی گنجائش میں اضافہ ہے تاکہ اللہ کے مہمانان (حجاج کرام)، معتمرین اور زائرین کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں اور بڑے مجمع کو سنبھالنا آسان ہو سکے۔حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی نے باور کرایا ہے کہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں ترقیاتی منصوبوں کو فیلڈ اسٹڈیز اور انجینئرنگ پلانز کے مطابق متعدد متعلقہ ذمے دار اداروں کے تعاون سے پورا کیا جاتا ہے تاکہ اللہ کے مہمانوں کی سلامتی اور راحت کو یقینی بنایا جا سکے۔