مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کا بادشاہی مسجد پہنچنے پرپرتپاک استقبال

143

لاہور۔12اگست (اے پی پی):مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کی امامت میں پیر کے روز نماز مغرب ادا کرنے کے لئے عوام کا جم غفیر امڈ آیا۔قبل ازیں ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کا بادشاہی مسجد پہنچنے پرچیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری کی ہمراہ پر جوش استقبال کیا۔پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، حافظ سید عبدالرزاق آزاد بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈی جی منسٹری آف اسلامک افئیرز مہتاب محمد الگدائی،اور عبدالرحمن عبدالکریم الحربی ،ڈائریکٹر پروٹوکول ہانی عبید الرمضان ،ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب خالد محمود سندھو، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اوقاف آصف اعجاز،ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد محمد علی خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ملک ساجد ظفر بوسن بھی موجود تھے ۔سیاسی و سماجی شخصیات، سول اعلی انتظامی افسران سمیت معاشرے کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد بادشاہی مسجد میں موجود تھی ۔نماز مغرب کی ادائیگی کے لئے علما کرام، مشائخ عظام، قرآ، حفاظ، مختلف جامعات کے اکابراساتذہ، اور طلبا کی ایک بڑی تعداد بھی بادشاہی مسجد پہنچی ۔ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے نماز مغرب کی امامت کی اور عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ، پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کروائی ۔ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے مقبوضہ کشمیر، غزہ اور فلسطین کی آزادی کے لئے بھی خصوصی دعا کروائی۔اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی میرے ساتھ بے پناہ اپنائیت ، محبت ، عزت او راحترام کا اظہار میرے لیے باعث فخر اور اعزاز ہے،پاکستان میرا دوسرا گھر ہے۔

بادشاہی مسجد میں نماز مغرب کی ادائیگی کے لئے آنے والوں کو فورٹ روڈ، مینا ر پاکستان گریٹر اقبال پارک اور آزادی چوک کی جانب سے آنے والے راستے سے داخل ہونے دیا گیا۔عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ اوقاف اور نجی سیکورٹی کمپنی کے گارڈز سمیت پولیس فورس کے مسلح گارڈز بھی تعینات کئے گئے ہیں ۔شہریوں کی جامہ تلاشی کے علاوہ انہیں میٹل ڈیٹیکٹر سے چیک کرنے کے بعد واک تھرو گیٹس سے بھی گزارا گیا۔