اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ مسلح افواج سمیت پوری قوم کو معرکہ حق میں شاندار فتح پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، سپہ سالار سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا منصب ملنا ان کی خدمات کے اعتراف کا مظہر ہے ، پاکستان کی اس کامیابی پر امت مسلمہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔
منگل کو اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکہ حق ایک اہم واقعہ ہے ، پاک افواج نے بہترین حکمت عملی اور ہمت و جرات سے دشمن کے وار کا جواب دیااور ان کےجنگی جہازوں کو گرایا ، پاک فوج نے دشمن کو چند گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ، اس حملے کی تاب نہ لاتے ہوئے دشمن نے سیز فائر کرانے کے لیے امریکا سے رابطہ کیا جس کے بعدامریکی صدر نے سیز فائر کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کیا اور پاکستان سے بات کی اس طرح مختصر جنگ کا اختتام ہو گیا ۔
انہوں نے کہا کہ مختصر جنگ نے پاک فضائیہ کی فضائی برتری کو ثابت کر دیا،پاکستانی ہوا بازوں کی مہارت کی دنیا معترف ہے، امت مسلمہ کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی، اسلامی ممالک نے پاکستان کے جواب کو سراہا ۔پاکستان نے اسحاق ڈار کی قیادت میں سفارتی کامیابیاں سمیٹیں ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ملکی و بین الاقوامی میڈیا کو بہت اچھے انداز میں حقائق سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے سارے ادارے اور پوری قوم متحد نظر آئی ۔ جنگ میں جیت سے فوج اور قوم کا مورال بلند ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپہ سالار سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا عہدہ دیا جانا ان کی خدمات کے اعتراف کا مظہر ہے ۔دشمن انتہائی مکار اور بزدل ہے اس کی سازشوں سے آئندہ بھی غافل نہ ہوا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل حکومتِ پاکستان اور پاک افواج کو اس معرکہ حق کی فتح پر دلی کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601763