اسلام آباد۔19 فروری (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سر تاج عزیز نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر نے بہادری سے حقوق کےلئے مسلسل جدوجہد کی، خوف کی فضاءمیں سچ کہنا بہت مشکل کام ہے مگر عاصمہ جہانگیرنے یہ حوصلہ دیا۔ جدوجہد کا تسلسل عاصمہ جہانگیر کی ہم میں موجودگی کا احساس دلاتا رہے گا۔ انسانی حقوق کا کام کرنے والے ہم خیال خواتین، وکلاءاور سول سوسائٹی مل کر عاصمہ جہانگیر فاونڈیشن کا قیام عمل میں لائیں جو کہ معاشرہ کے مظلوم طبقہ کے حقوق کی بحالی کےلئے جدوجہد کر سکیں۔ پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کی جانب سے عاصمہ جہانگیر کی یاد میں تعزیتی ریفرنس میںسینیٹر فرحت اللہ بابر، سابق سینیٹر افراسیاب خٹک، اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر عارف چوہدری، کشور ناہید، طاہرہ عبداللہ، عاصمہ شیرازی اور ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے بھی اظہارخیال کیا ۔ اس موقع پر سینیٹر فرحت اللہ بابر نے عاصمہ جہانگیر کو ظلم و جبر اور آمریت کے خلاف عاصمہ کو مزاحمت کی علامت قرار دیا۔