اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مسلسل ویکسی نیشن مہمات، موثر نگرانی، ہیلتھ ورکرز کی جرات کے نتیجے میں پولیو کیسز میں 99 فیصد سے زائد کمی آئی ہے، پولیو فری پاکستان کی کوششوں کو ناکام بنانے کے مقصد سے کئے گئے بزدلانہ حملوں میں جانیں قربان کرنے والے پولیو ورکرز اور سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہمیں پولیو ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پولیو کا مکمل خاتمہ نہ ہو جائے۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے پولیو کے خاتمے کیلئے ملک گیر مہم پر اپنے پیغام میں کہا کہ 26 مئی سے یکم جون تک پاکستان نے ایک ملک گیر پولیو ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا ہے، پولیو مہم کا ہدف پانچ سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلانا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس مہم میں 4 لاکھ سے زیادہ ورکرز ہمارے شہروں، دیہاتوں اور دور دراز وادیوں میں گھر گھر جا کر زندگی بچانے والے پولیو کے قطرے پلائیں گے، ہماری اس مہم کا مقصد پولیو کا مکمل خاتمہ اور قوم کا صحت مند مستقبل یقینی بنانا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ورکرز کے لئے اپنے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو یہ زندگی بخش قطرے ضرور پلوائیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں ویکسین سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنا ہوگا، میں اساتذہ، علمائے کرام اور کمیونٹی سے درخواست کرتا ہوں کہ اس مقصد کی حمایت کریں، غلط فہمیوں کا خاتمہ کریں اور لوگوں میں اعتماد پیدا کریں۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ لوگوں میں آگاہی پیدا کرے کہ پولیو ویکسین محفوظ، موثر اور ہمارا سب سے طاقتور ہتھیار ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں اپنی بیٹی اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی مکمل حمایت کرتا ہوں جن کی جدوجہد اور موثر مہم نے پولیو کے خلاف جنگ کو تیز کیا، آصفہ بھٹو زرداری کی والدین، ذی اثر سماجی شخصیات اور نوجوانوں سے اپیل ہمیں یاد دلاتی ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ 90 کی دہائی سے اب تک پاکستان نے پولیو کے خلاف شاندار پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے نوشکی میں پولیو ٹیم پر ہونے والے حملے کی مذمت کی اور حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں ان بہادر پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ہر بچے تک پہنچنے کے لیے اپنی جانوں کا خطرہ مول لیتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ مسلسل ویکسی نیشن مہمات، موثر نگرانی، ہیلتھ ورکرز کی جرات کے نتیجے میں پولیو کیسز میں 99 فیصد سے زائد کمی آئی ہے، پولیو کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، 2024ء میں پولیو کیسز میں اضافہ اس بات کا عندیہ ہے کہ ہمیں اپنی کوششیں مزید تیز کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقے اور نقل مکانی کرنے والوں تک رسائی اب بھی ایک چیلنج ہے، ہمیں ویکسی نیشن کی شرح کو بلند سطح پر برقرار رکھنا ہوگا تاکہ وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن ہوسکے، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پولیو کا مکمل خاتمہ نہ ہو جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کو پولیو سے پاک بنا سکتے ہیں، آئیں، ہر بچے کو ویکسین دیں اور اپنی قوم کو اس مفلوج کر دینے والے وائرس سے بچائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601778