مسلم دنیا کی جانب سے باجوڑ خودکش حملے کی شدید مذمت

137
باجوڑ خودکش حملے

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):مسلم ممالک کی قیادت اور مسلم عالمی اداروں کے سربراہان نے باجوڑ میں خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں خودکش دھماکے میں کم از کم 44 افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

 

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے اپنے بیان میں دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں،پاکستان کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی،انہوں نے انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ او آئی سی کی یکجہتی کا اعادہ کیا۔

سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں حملے کی مذمت کی اور مملکت کی جانب سے دنیا میں کہیں بھی تشدد اور دہشت گردی کو مسترد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ، سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے، وزارت نے متاثرین کے اہل خانہ، حکومت اور پاکستان کے عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔خلیجی عرب ریاستوں کیلئے تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البداوی نے بھی بم دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ تعاون کونسل کا موقف مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل ہر قسم کے تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کو مسترد کرتی ہے جس کا مقصد سلامتی اور استحکام کو غیر مستحکم کرنا ہے اور یہ انسانی اقدار اور اصولوں سے متصادم ہے،

اسی طرح متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے بیان میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مستقل طور پر مسترد کرنے کا اعادہ کیا جس کا مقصد انسانی اقدار اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت نے بھی پاکستانی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ریاست قطر نے بھی باجوڑ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور عوام کے ساتھ ہمدردی کااظہار کیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔کویت کے علاوہ مصر نے بھی بم دھماکے کی مذمت کی اور تشدد کی تمام اقسام کو واضح طور پر مسترد کرنے کیلئے اپنے مضبوط موقف کی تجدید کی۔ مصری وزارت خارجہ نے کہا کہ مصری حکومت اور عوام اس دردناک سانحہ میں برادر پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔