اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے اپنے 24ویں یوم تاسیس کے موقع پرنیشنل پریس کلب اسلام آباد میں حی علی القران طلبہ سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں یونیورسٹیز کالجز اور مدارس کے طلباء نے کثیر تعداد میں جبکہ ملک کی سیاسی ، مذہبی اور طلبہ تنظیموں کے قائدین نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور ایم ایس او کی دینی و ملی جدوجہد کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی یہ طلبہ تنظیم اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے وطن عزیز کے تعلیمی اداروں میں اپنے اس عمل کو تسلسل سے جاری رکھے گی۔
سیمینار کے مہمان خصوصی مرکزی ناظم اعلیٰ ایم ایس اوپاکستان ارسلان کیانی نے کہا کہ طلبہ و طالبات قرآن کی پکار کو سمجھیں اور قران میں دی گئی تعلیمات اور احکامات پر عمل کریں۔ قران پاک کی تعلیمات کے اندر دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔
سیمینار سے سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی ، نائب مہتم جامعہ محمدیہ ڈاکٹر مولانا تنویر احمد علوی ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت ، ایم ایس اوکے مرکزی ناظم عمومی عبدالرؤوف چوہدری ، مرکزی تربیتی امور بلال عباسی ، معاون ناظم اعلیٰ ایڈووکیٹ عمر فاروق ،
رکن شوریٰ شہزاد عباسی ملک مظہر جاوید ایڈووکیٹ ، ایم ایس اومالی پنجاب کے رہنما سمیع اللہ عباسی ، تکمیل پاکستان موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمر ریاض ، چیئرمین راول انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ خاقان وحید اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔