لاہور۔2جولائی (اے پی پی):مسلم لیگ(ن) پنجاب اسمبلی کی سب سے بڑی جماعت بن گئی,الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ایوان میں ن لیگ کی نشستیں 229 ہو گئیں،الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص نشستوں پر ارکان کی بحالی کے نوٹیفکیشن کے بعد مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آ گئی ہے۔
کمیشن کے حالیہ فیصلے کے بعد ن لیگ کی خواتین کیلئے مخصوص نشستوں کی تعداد 36 سے بڑھ کر57 ہو گئی ہے جبکہ اقلیتی نشستوں پر بھی ن لیگ کے ارکان کی تعداد5 سے بڑھ کر7 ہو گئی ہے۔الیکشن کمیشن کی بحالی کے بعد پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ نون کے کل ارکان کی تعداد206 سے بڑھ کر229 ہو گئی۔پاکستان پیپلز پارٹی کی خواتین نشستیں3 سے بڑھ کر 4 اور اقلیتی نشستوں سمیت کل ارکان14 سے بڑھ کر16 ہو گئے۔مسلم لیگ (ق) کی خواتین نشستیں2 سے بڑھ کر3 ہو گئیں اور کل ارکان کی تعداد 10 سے بڑھ کر11 ہو گئی۔
استحکام پاکستان پارٹی کی خواتین نشستیں1 سے بڑھ کر2 اور کل ارکان6 سے بڑھ کر7 ہو گئے۔سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد76 جبکہ تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد27 ہے۔تحریک لبیک پاکستان اور مجلس وحدت المسلمین کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی کل نشستیں371 ہیں جن میں سے اس وقت369 ارکان موجود ہیں۔ ایک آزاد رکن نے تاحال حلف نہیں اٹھایا جبکہ ایک نشست پر ضمنی انتخاب باقی ہے۔ماہرین کے مطابق ن لیگ کی پوزیشن میں یہ مضبوطی آئندہ قانون سازی میں اسے مرکزی کردار دینے کا باعث بنے گی۔