مسلم لیگ (ن)ملک اور عوام کی خوشحالی کا دوسرا نام ہے، خواتین اور نوجوانوں کی ترقی سے پاکستان میں مثبت تبدیلی آئے گی ،چیف آرگنائزرمریم نواز کا فیصل آبادمیں تنظیمی اجلاس سے خطاب

200

فیصل آباد۔11مارچ (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر ومرکزی سینئر نائب صدر مریم نوازنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اورجیت کیلئے الیکشن میں اترے گی لیکن اگر ترازو کے پلڑے برابر نہ ہوں تو الیکشن نہیں سلیکشن ہوتی ہے،فیصل آباد کے شیروں کی گونج پورے پاکستان نے سنی اور یہ ثابت ہوگیا کہ مسلم لیگ (ن)ملک اور عوام کی خوشحالی کا دوسرا نام ہے۔

وہ ہفتہ کو فیصل آباد میں تنظیمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اظہار خیال کررہی تھیں جس میں تنظیمی ڈھانچے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے پارٹی کے ونگز کے درمیان اشتراک عمل کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صوبائی صدر و وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان،سابق وزرائے مملکت طلال چوہدری،چوہدری عابد شیر علی،مسلم لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی و عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

چیف آرگنائزر مریم نواز نے بھرپور تنظیمی کنونشن منعقد کرنے پر پارٹی قیادت، عہدیداروں اور کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں کارکنوں کا جذبہ بڑا متاثر کن تھا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں کی ترقی سے پاکستان میں مثبت تبدیلی آئے گی لیکن اس کیلئے معاشرے میں نفرتوں کی آگ کوختم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان سوشل میڈیا کی طاقت کو مثبت سوچ پھیلانے کیلئے استعمال کریں کیونکہ ایک مخصوص سوچ کے حامل ٹولے کی جانب سے بدقسمتی سے سوشل میڈیا کو کوڑے دان اور گٹر سوچ کا ذریعہ بنادیا گیا ہے لہٰذا مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا رضاکاروں کو یہ گند صاف کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،

فیصل آباد کے شیروں کی گونج پورے پاکستان نے سنی،پارٹی میں خواتین اور یوتھ کی بڑھتی ہوئی تعداد دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کی جماعت ہے ،ن لیگ ملک اور عوام کی خوشحالی کا دوسرا نام ہے جو ہر مکتبہ فکر کی نمائندگی سمیت خواتین و نوجوانوں کو قیادت کی صف میں لائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)سوشل میڈیاونگ کو مسلم کلچر کی شناخت بننا ہے،مسلم لیگ (ن) ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے سمیت ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

اس موقع پر شرکا نے مریم نوازکومسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے پر مبارکباد دی اور اپنے تمام ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے قائدین کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جا ئے گا۔