مسلم لیگ (ن) اضطراب اور انتشار کا شکار ہو چکی، اپوزیشن والے استعفی لیتے لیتے اب استفعے دینے پر تل گئے ہیں، وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات

60

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اضطراب اور انتشار کا شکار ہو چکی، اپوزیشن والے استعفی لیتے لیتے اب استفعے دینے پر تل گئے ہیں، حکومت آئین و قانون کی محافظ ہے، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور اس پر عملداری بھی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں پارٹی کی بنیاد پر دراڑیں تو پہلے ہی موجود تھیں اور لاہور کے جلسہ نے ان دراڑوں کو مزید واضح کر دیا ہے، (ن) لیگ کے دو دھڑے بن چکے ہیں، ایک دھڑا مریم نواز کا اور دوسرا حمزہ شہباز شریف کا ہے، ان دونوں دھڑوں کا بیانیہ الگ الگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم استعفے لینے آئی تھی اور اب نوبت استعفے دینے تک آ چکی ہے، مریم نواز سب کے استعفوں کی بات کرتی ہیں جبکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف استعفوں کے معاملے پر خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک ٹکٹ میں دو مزے لے رہی ہے یعنی ایک صوبے میں ان کی حکومت بھی ہے اور وہ اپوزیشن بھی کر رہے ہیں، بلاول بھٹو بڑھکیں مار کر پی ڈی ایم کے بیانیے کو گرم رکھے ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی کی سیاست میں آصف زرداری کا کردار بلاول بھٹو سے زیادہ ہے، بلاول بھٹو کی شہباز شریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات پی ڈی ایم کے بیانیہ کو تقویت نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے بیانات تبدیل ہوتے رہتے ہیں، 8 دسمبر، 13 دسمبر، 31 دسمبر پھر 31 جنوری، یہ تاریخیں دیتے دیتے تھک جائیں گے اور موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور عوام کی عدالت میں سرخرو بھی ہوگی، حکومت آئین و قانون کی محافظ ہے، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور اس پر عملداری بھی ہوگی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، مافیاز کے خلاف کارروائی کا اختیار صوبائی حکومتوں کے پاس ہے، صوبائی حکومتوں کو مافیاز کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی دھجیاں اڑانے اور قانون کو یرغمال بنانے والے ٹولے سے عوام نے نجات حاصل کر لی ہے، جو لوگ باریاں لے کر اور نسل در نسل اقتدار میں رہے عوام ان سے بھی جواب چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ (ن) لیگ سپریم کورٹ کی آواز پر کان دھرنے کو تیار نہیں، ان کو کب سے عدالت کے تقدس کا خیال آ گیا، آج مریم بی بی کو عدالت کا تقدس یاد آ گیا، یہی عدالتیں کہہ رہی ہیں کہ ان کے والد نواز شریف ملک واپس آئیں اور قانون کے سامنے جوابدہ ہوں۔