مسلم لیگ( ن) الزامات کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی،8فروری کو ہر طرف سے شیر کی آ واز آ ئے گی ،مریم نواز

184
Maryam Nawaz
Maryam Nawaz

لاہور۔25جنوری (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) الزامات کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ۔این اے 119کے عوام نے میرے حق میں فیصلہ دیدیا،8فروری کو ہر طرف سے شیر کی آ واز آ ئے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں حلقہ این اے 119 سنگھ پورہ کے دورہ کے موقع پر اپنے انتخابی دفتر کے افتتاح اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔اس موقع پر مریم اورنگزیب، پرویز رشید،خواجہ عمران نذیر ، ملک وحید،سہیل شوکت بٹ، چوہدری شہباز اور خرم روحیل سمیت مرد و خواتین کارکنوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

مریم نوازنے کہا کہ نواز شریف کو ہمیشہ ادھوری حکومتیں ملیں،مسلم لیگ (ن) کے سوا کسی سیاسی جماعت نے پاکستان کی خدمت نہیں کی۔پی ٹی آئی کے چار سالہ دور اقتدار میں کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں ہوا،نواز شریف نے عوام کی فلاح کے متعدد منصوبے شروع کئے اور تمام صوبوں کو یکساں ترقی کے پراجیکٹس دیئے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اگلے چند دن میں اپنے منشور کا اعلان کرے گی،

دوسری سیاسی جماعتیں کہتی ہیں کہ مسلم لیگ( ن )کا کو ئی منشور نہیں،انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ چاروں صوبوں میں جو ترقیاتی کام نظر آ رہے ہیں وہ نواز شریف کا منشور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جانتا ہے کہ بجلی ،گیس کے بلز اور مہنگائی کو کیسے کم کرنا ہے اور غریب عوام کی تکالیف کو کیسے دور کرنا ہے،وہ دن رات اسی بات کو لیکر پریشان ہیں کہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے لوگوں کو کیسے اپنے پائوں پر دوبارہ کھڑا کرنا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ووٹ قوم کی امانت ہے،8 فروری کو عوام ہر صورت باہر نکلیں اور فرض سمجھ کر اپنے ووٹ کا درست استعمال کریں کیونکہ آ پ کے ووٹ نے آنے والی نسلوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ این اے 119 کے عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ 8 فروری کو لاہور میں ہر طرف سے شیر کی آ واز آ ئے گی،میں عوام کا جم غفیر دیکھ کر علاقے کے عوام کی شکر گزار ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ میں جانتی ہوں گذشتہ پانچ سال میں میرے اس حلقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا،اگر عوام نے 8 فروری کو مجھے منتخب کیا تو میں این اے 119میں مستقل اپنا آفس قائم کروں گی اور ان کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کیلئے دن رات ایک کر دوں گی ۔