مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے مشکل حالات میں اپنی سیاست کی قربانی دیکر ریاست کو بچایا ،وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین

204
Rana Tanveer Hussain

شرقپور شریف ۔ 12 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے مشکل حالات میں اپنی سیاست کی قربانی دیکر ریاست کو بچایا اور اب ملک میں استحکام لانے غربت مہنگائی کے خاتمہ اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے دن رات وزیراعظم کی قیادت میں محنت کررہے ہیں جسکے ثمرات بہت جلد نظر آئیں گے،عمران خان نے پہلے ملک وقوم کو اندھیرے میں دھکیلا اب زمان پارک میں بیٹھ کر پاکستان کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) پی پی 142 کے امیدوار چوہدری شہباز احمد چھینہ کی طر ف سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سردار محمد عرفان ڈوگر،پیر سید اشرف رسول، میاں خالد محمود، حاجی طارق محمود ڈوگر، محمود الحق شاہین،سجاد حیدر گجر، جہانزیب خان، امجد نذیر بٹ، میاں محبوب احمد، شہزاد احمد ورک، سرفراز احمد چھینہ، کامران علی ورک، شیخ کاشف عارف، رائے عادل کھرل، محمد بلال علی ورک، میاں آصف شاہین ودیگرپارٹی رہنما اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ 14 مارچ کو پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز شیخوپورہ کے علاقہ فیض پور میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کریں گی جن کی آمد پر نواز لیگ کے ہزاروں ورکرز ان کا تاریخی استقبال کریں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کہ وہ کنوشن میں بھرپور شرکت کریں۔