اسلام آباد ۔ 06جنوری(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد فیصل ووڈا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت مہمند ڈیم کی تعمیر کے خلاف جاری پروپیگنڈا مہم کے دوران غلط فہمیاں پیدا کر رہی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ ڈیسکون کنورسیشم کو دیا گیا ہے اور رزاق داﺅد کا وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت، پیداوار اور سرمایہ کاری کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے کمپنی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے معاملات اپوزیشن کی خواہشات کے مطابق نہیں چلائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو حکومت پر تنقید کرنی چاہیے لیکن ملک کے قومی مفاد میں غلط فہمیاں پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم پاکستان کے عوام کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے ضروری ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ دینے سے قبل تمام تر قانونی طریقہ کار پر عمل کیا ہے۔