مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی عوام کی بنیادی ضروریات سے محرومی کی ذمہ دار ہیں، وفاقی وزیر سینیٹرشبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

47

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی غریب عوام کی بنیادی ضروریات سے محرومی کی ذمہ دار ہیں، دونوں جماعتوں کے رہنما اپنے دور حکومتوں کے دوران منی لانڈرنگ اور بدعنوانیوں کی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈالر کو مصنوعی سہارا دیئے رکھا اور اعدادوشمار میں جعلسازی کرنے میں ملوث رہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ پیپلزپارٹی جو گزشتہ کئی سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے صوبے کے لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات مہیا نہیں کر سکی، لوگ آج بھی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کے دوران ترقی یافتہ ممالک کو معاشی اور قیمتوں میں اضافے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تاہم پاکستان نے معاشی شعبے کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ کامیابی کے ساتھ مہلک وبا پر قابو پایا۔

منی بجٹ کے بارے سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے لگژری آئٹمز پر ٹیکس نافذ کئے ہیں، اس کے علاوہ درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کیلئے بھی تمام اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ملک کا آزاد اور خودمختار ادارہ بنانے کا کریڈٹ تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے۔