"آزادکشمیر میں آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے، نواز شریف اور مریم نواز انتخابی مہم میں شریک ہوں گے، امیر مقام و رانا ثناء اللہ”
مسلم لیگ ن تعمیر و ترقی کی علامت ہے،آزادکشمیر میں آنے والا دور مسلم لیگ ن کا ہے،وفاقی وزراء انجینئر امیر مقام اور رانا ثناء اللہ کا ڈڈیال سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ شعیب عابد کے اعزاز میں تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):وفاقی وزراء انجینئر امیر مقام اور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن تعمیر و ترقی کی علامت ہے،آزادکشمیر میں آنے والا دور مسلم لیگ ن کا ہے،نوازشریف اور مریم نوازشریف آزادکشمیر میں انتخابی مہم میں شریک ہوں گے۔
جمعرات کو ڈڈیال سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ شعیب عابد کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جس میں شعیب عابد پارٹی امیدوار چوہدری محمد اظہر صادق کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے دستبردار ہو گئے۔امیر مقام نے کہا کہ ٹکٹ میرٹ، مشاورت اور انتخابی حکمت عملی کے تحت دیا گیا،شعیب عابد پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ امیر مقام نے کہا کہ شعیب عابد کی عزت اور سیاسی مقام میں مزید اضافہ کیا جائے گا،کارکنوں کو تمام اختلافات ختم کر کے متحد ہونے کی ہدایت کی۔امیر مقام نے کہا کہ شیر کے نشان کی کامیابی ہر کارکن کی ذمہ داری ہے،میرپور ڈویژن سے مسلم لیگ (ن) کو سب سے بڑا مینڈیٹ ملنا چاہیے،پارٹی قیادت شعیب عابد کی قربانی کی قدر کرتی ہے۔وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شعیب عابد کو ٹکٹ نہ ملنے کا دکھ قیادت بخوبی محسوس کرتی ہے،شعیب عابد نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی فیصلہ قبول کیا،شعیب عابد نے میاں نواز شریف اور پارٹی پر اعتماد کیا، مسلم لیگ (ن) شعیب عابد کی احسان مند ہے،انتخابات کا مقصد کامیاب ہو کر عوام کی خدمت کرنا ہے،حکومت بننے سے عوامی مسائل حل کرنے کے زیادہ مواقع ملتے ہیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقیاتی سیاست کی ہے،پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا فیصلہ نواز شریف نے کیا، پاکستان میں بڑے منصوبے موٹرویز، ایئرپورٹس اور ترقیاتی کا مسلم لیگ (ن) کی پہچان ہیں،کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) نے بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات حکومت نے سنجیدگی سے کیے،بجلی اور گندم سبسڈی سمیت عوامی ریلیف کے اقدامات کیے گئے، آئینی فیصلے صرف اسمبلی کے ذریعے ہی ہو سکتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دھرنے اور لانگ مارچ قانون سازی کا متبادل نہیں،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، تحریک آزادی کشمیر تکمیل پاکستان کی تحریک ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کشمیر کاز کی حمایت کی،پارٹی نے انتخابی فیصلے وسیع تر سیاسی مفاد میں کیے،شعیب عابد سے کیے گئے وعدے ضرور پورے کیے جائیں گے۔رانا ثناء اللہ نے آزاد کشمیر کے کارکنوں سے شیر کے نشان پر متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں واضح اکثریت حاصل کرے گی، میاں نواز شریف آزاد کشمیر میں دو بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے، ایک میرپور اور دوسرا مظفرآباد میں ہوگا۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جلسوں کی تاریخوں میں بلاول بھٹو زرداری کے شیڈول کے باعث معمولی ردوبدل ممکن ہے، حتمی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی میرپور اور مظفرآباد کے جلسوں میں میاں نواز شریف کے ہمراہ شریک ہوں گی۔تقریب میں رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی مجلس عاملہ کے رکن جاوید ظفر بھی موجود تھے۔راجہ شعیب عابد نے کہا کہ وہ تقریب میں شرکت کرنے والے تمام شرکا کے شکر گزار ہیں، قائد محمد نواز شریف کے وژن پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اظہر صادق نے رانا ثناء اللہ خان، انجینئر امیر مقام اور پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی ٹکٹ پارٹی قیادت کا فیصلہ ہوتا ہے جس کا سب کو احترام کرنا چاہیے، راجہ شعیب عابد کے ساتھ مل کر بھائیوں کی طرح انتخابی مہم چلائیں گے اور اتحاد و یکجہتی کے ذریعے اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی یقینی بنائیں گے۔تقریب میں کارکنوں نے شعیب عابد اور چوہدری محمد اظہر صادق کے حق میں بھرپور نعرے لگائے۔مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے انتخابی مہم تیز کرنے اور گھر گھر رابطہ مہم چلانے کی ہدایت کر دی۔








