جھنگ۔12جولائی (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کی سیاست کرتی ہے، مشکل وقت گزر چکا ہے، اب روزانہ خوشخبریاں آئیں گی، وزیراعظم شہباز شریف بہت جلد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرنے والے ہیں، عوام مسلم لیگ (ن) پر بھروسہ کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) ملک میں خوشحالی لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹھارہ ہزاری میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ جھنگ سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا نسلوں پرانا رشتہ ہے، جھنگ کے عوام نواز شریف سے والہانہ محبت کرتے ہیں، نواز شریف کی محبت میں آج پورا جھنگ سڑکوں پر نکل آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ کئے جانے والے معاہدوں کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو مشکل فیصلے کرنا پڑے، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مجبوری میں بڑھانا پڑیں، اب عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونا شروع ہوئیں تو آج وزیراعظم شہباز شریف نے سمری منگوا لی، آئندہ دو دن میں وزیراعظم شہباز شریف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو نواز شریف اور شہباز شریف پر بھروسہ ہے، سابقہ حکومت نے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا، آئندہ چند ہفتوں، مہینوں میں ہم ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تھی، ہے اور انشاء اللہ رہے گی، مسلم لیگ (ن) نسل در نسل عوام کی خدمت کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث خیربختونخوا کے دس سے بارہ اضلاع سیلاب میں ڈوب گئے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، وہاں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی بجائے عمران خان پنجاب میں جلسوں کے دوران گالم گلوچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی آزمائی ہوئی جماعت ہے، کبھی مایوس نہیں کرے گی، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے پنجاب میں 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے مفت بجلی کا اعلان کیا، حمزہ شہباز نے ملک کے غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا تو عمران خان اس فیصلے کے خلاف عدالت چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ابھی عمران خان غریب عوام کو بجلی کی مد میں دیئے جانے والے ریلیف کو بند بھی کروا دیں تو مسلم لیگ (ن) 17 جولائی کے بعد پنجاب کے غریب طبقے کو مفت بجلی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی نے بطور وزیراعظم کبھی جھنگ کا دورہ نہیں کیا، اب وہی نیازی کس منہ سے جھنگ کے عوام سے ووٹ مانگتا پھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈر جبکہ عمران خان نے گوگی، پنکی اکنامک کوریڈور بنایا، عمران خان کی پنجاب دشمنی کو عوام بھانپ چکے ہیں، 17 جولائی کو عوام فتنہ خان کو عبرتناک شکست دے کر صوبے سے باہر پھینکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی غور سے سن لو، پاکستان کو سری لنکا بنانے کا تمہارا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، عوام جھوٹی سازشوں کے الزامات لگانے والوں کی دماغی حالت جان چکے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 17 جولائی کو عوام جوق در جوق گھروں سے نکلیں اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں، وعدہ کرتے ہیں کہ آئندہ ایک سال کے دوران جھنگ میں مثالی ترقیاتی کام کریں گے۔ قبل ازیں اٹھارہ ہزاری جلسہ گاہ پہنچنے پر مریم نواز کا پرتپاک استقبال کیا گیا، عوام کی ایک بڑ ی تعداد جلسہ گاہ میں موجود تھی، عوام نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ نعرے لگا رہے تھے جبکہ مریم نواز نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی استقبال پر اٹھارہ ہزاری کے عوام کی مشکور ہوں۔