مسلم لیگ ن عوام میں اپنا اعتماد کھو چکی جبکہ پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر گیا ہے‘وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب کے ہمراہ پریس کانفرنس

84

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن عوام میں اپنا اعتماد کھو چکی جبکہ پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر گیا ہے، مریم نواز ایک کونسلر تو بن نہیں سکتیں لیکن وزیراعظم ہاؤس کے خواب دیکھ رہی ہیں، یہ لوگ اپنی منفی سوچ کے ساتھ سازشوں میں مصروف رہیں گےاور ہم وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کے لئے کام جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا بیان نفسیاتی الجھنوں سے جنم لینے والی گفتگو کا تسلسل ہے، انہیں چاہیے کہ اس عارضے کا علاج کرانے کے ساتھ ساتھ کسی حلقے سے کونسلر کا الیکشن لڑ کر دیکھ لیں۔ زرتاج گل نے کہا کہ مریم نواز ایک کونسلر تو بن نہیں سکتیں لیکن ابھی تک انہیں وزیر اعظم ہاؤس کے خواب نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف فیملی نے قوم کا پیسہ لوٹا اور ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسا دیا، ایسے کارناموں کی وجہ سے ن لیگ عوام میں اعتماد کھو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ منفی سوچ اور سازشوں کی بجائے انہیں پانچ سال انتظار کرنا چاہیے، انہوں نے اپنے دور میں عوام کو غربت اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ جنوبی پنجاب کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے پسماندہ علاقے کے عوام کو آواز دی ہے، جنوبی پنجاب میں سیکرٹریٹ کے قیام اور علاقے کے لئے ترقیاتی فنڈز میں اضافہ ان مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہا ہے۔

زرتاج گل نے کہا کہ مریم نواز یاد کریں کہ کس طرح اتفاق فاؤنڈری میں پولیٹیکل انجینئرنگ ہوتی تھی جب انہوں نے پاکستان اسٹیل مل بند کی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو تو ابھی بتانا ہے کہ لاہور میں ان کی 1480 کنال اراضی کی منی ٹریل کہاں ہے ۔ جب بھی ان سے نیب سوال پوچھتی ہے یہ الٹے بیان دینا شروع کردیتی ہیں۔

زرتاج گل نے کہا کہ پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر گیا اور اب یہ پرزہ پرزہ ہو چکی ہے‘ جب ان کے سارے ہتھکنڈے ناکام ہوگئے تو اب انہوں نے بشیر میمن کو آگے کر دیا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے غریب،مزدور ،نادار، کمزور اور محنت کش طبقات کی خوشحالی اور انہیں مسائل سے نجات دلانے کے لئے کام کر رہے ہیں، مخالفین کی منفی سوچ کو مسترد کرتے ہوئے ہم وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کے لئے کام جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب نے کہا کہ بشیر میمن کو لیگل نوٹس بھیجوا دیا گیا ہے، مریم نواز یہ بھی بتائیں کہ یہ وہی بشیر میمن ہیں جو ان کے والد اور چچا کے مغلیہ دور حکومت میں سامنے لائے گئے، انہوں نے ریاست کی بجائے ایک خاندان سے وفاداری ثابت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنے حق میں آنے والے فیصلے پسند کرتے ہیں اور اپنے خلاف فیصلہ آنے کی صورت میں عدالت پر حملہ کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف مقدمات اور پھر قیوم ملک کو کی گئی کال کی آڈیو کے بارے میں بھی بتانا چاہیے جس میں چھوٹے میاں صاحب اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات کے بارے میں بڑے میاں صاحب کی ہدایات دیتے سنے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشیر میمن کی بات کرنے والوں کو عبدالباسط کے بیانات کا بھی نوٹس لینا چاہیے جنہوں نے ان کے ریاستی پالیسی کے خلاف کاموں کو بے نقاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ سابق جج ارشد ملک کی ویڈیو کے بارے میں ان سے پوچھا جانا چاہئے کہ یہ ویڈیو ان کے پاس کیسے آئی، ان سے یہ بھی پوچھا جائے کہ ناصر ملک جج صاحب کو کس حثیت میں ملنے جاتے تھے۔ کنول شوزب نے کہا کہ اگر مخالفین کے خلاف ناجائز سیاسی کیسز کی بات کی جائے تو وہ آپ کو ان لوگوں کے دور میں بنتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کو ہر مرتبہ منہ کی کھانی پڑی ہے اور اب بھی ان کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی اور انہیں 2023 تک انتظار کرنا پڑے گا۔