مسلم لیگ (ن) قبل از وقت انتخابات کے خواب دیکھنا چھوڑ کر اپنی سیاسی بقا کی فکر کرے ،جمشیداقبال چیمہ

44

لاہور۔7نومبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما واین اے 133سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) قبل از وقت انتخابات کے خواب دیکھنا چھوڑ کر اپنی سیاسی بقا کی فکر کرے ،ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی کسی ” واردات ” کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

حلقہ این اے 133کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجودمثبت پیشرفت کر رہی ہے ،

اس وقت ہماری پہلی ترجیح کروڑوں لوگو ں کوعالمی سطح پر مہنگائی کے رجحان کے اثرات سے بچانا ہے اور اس کیلئے حکومت کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ،

ہم موجودہ حالات سے ہرگز مایوس نہیں بلکہ مشکل کی گھڑی سے تقویت لے کر سر خرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس جماعت میں رسہ کشی عروج پر ہے وہ آج قبل از وقت انتخابات کے خواب دیکھ رہی ہے ،

ایسے عناصر مایوسی پھیلا کر اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں لیکن انہیں وقت آنے پر عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ این اے 133کے کارکنوں کا جذبہ پہلے سے بڑھ گیا ہے اور بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں ،انشاءاللہ مسلم لیگ (ن) کوسیاسی میدان میں شکست دیں گے۔