اسلام آباد/دینہ ۔6اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ عید کے فوری بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوری قوم کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنائی، مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں وزیراعظم نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کو ممکن بنایا جس سے ہرپاکستانی فائدہ حاصل کرے گا، مسلم لیگ (ن)نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے، ایک سال میں نہ صرف بجلی کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی بلکہ پٹرول کی قیمت بھی کم کی گئی، مہنگائی پر قابو پایا اور قومی معیشت کو بھی سنبھالا دیا، جون 2024 کے مقابلے میں بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ،
آئندہ بلوں میں سب کو فائدہ ہو گا، بجلی کی قیمت میں کمی سے عام صارف ، زرعی اور صنعتی صارفین بھی مستفید ہوں گے، یہ کمی پائیدار بنیادوں پر ممکن بنائی گئی ہے، مشکل معاشی حالات کے باوجود ہماری حکومت نے قیمتوں میں کمی کو ممکن بنایا، قومی ترقی ، مہنگائی پر قابو پانے اور معاشی استحکام اور عوام کو ریلیف کا سفر جاری رہے گا، محاصل میں اضافے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، تمام معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے، نہروں کی بجائے عملی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، سستی بجلی سے کاروباری اور معاشی سرگرمیاں مزید تیز ہوں گی، محنت اور جذبے سے قومی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی نے اتوار کو دینہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کا پہیہ چلانے میں بجلی کی قیمت میں کمی کا اہم کردار ہوگا اور انشا اللہ اس کا اثر آپ کو آئندہ مہینوں میں نظر آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کےلئے مہنگے معاہدے پر نظر ثانی کی گئی اور جو کارخانے بجلی پیدا نہیں کر رہے تھے ان کو بند کیا گیا تا کہ عوام کے پیسے بچیں اور یہ بچت عوام کو بجلی کی قیمت کم کر کے واپس کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف وعدوں اور اعلانات کی سیاست نہیں کرتے بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے کر کے دیکھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سستی شہرت کی کوئی بنیاد نہیں ہوتی ۔ ماضی میں حکومت نے قومی معیشت کو ڈیفالٹ کے کنارے پر لا کھڑا کیا لیکن ہماری حکومت نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے پائیدار بنیادوں پر نہ صرف معیشت کو ڈیفالٹ سے بچایا بلکہ اسے ترقی کی راہ پر گامزن بھی کیا، ہم نے معاشی استحکام کے لئے ذمہ داری اور پائیدار بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کا سفر جاری رہے گا کیونکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم مزید ریلیف کے لئے بھی کام کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے بجلی چوری کے خاتمے ، بجلی کی اوپن مارکیٹ کے قیام اور آئی پی پیز سمیت دیگر شراکت داروں سے مذاکرات کی بھی بات کی ہے تاکہ عوام کو مزید ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ہر شعبے میں محنت کر رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف ملے ، روزگار ملے ، عوام کی ترقی اور بہتری ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا منشور رہا ہے ، ہم نے جو وعدہ کیا وہ پورا بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں کمی کے لئے ٹاسک فورس تشکیل دی جس نے انتہائی مشکل فریضہ سرانجام دیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمیشہ ڈلیور کر کے دیکھایا ہے ، پہلے بھی جب بیڑا اٹھایا تو عوام کو ڈیلیور کیا، ریلیف دیا، روزگار دیا، مہنگائی قابو کر کے دکھائی اور آج پھر سے اپنا وعدہ پورا کیا ہے اور انشاءاللہ اسی طرح یہ سفر جاری رہے گا ۔ بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی طر ح پنجاب حکومت بھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں اسی سپیڈ کے ساتھ محنت کے ساتھ کام کر رہی ہے جس کے نتائج آپ کو عملی طور پر گراؤنڈ پر نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے نتیجے میں شہروں اور دیہاتوں میں صفائی بہتر ہوئی ہے اور ہمارے شہروں اور دیہاتوں کی شکلیں بہتر ہوئی ہیں، علاقے میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے وزیر مملکت ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا اور آپ کو واٹر سپلائی، صحت ، تعلیم سمیت بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے لاہور، سیالکوٹ ، راولپنڈی موٹر وے کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔
وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی ، عوامی پیسے کے ضیاع کا خاتمہ ، روزگار کی فراہمی اور ڈیجیٹل انقلاب سے پاکستان کی ترقی وزیراعظم کے منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات اور کامیابیوں کا اعتراف صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر کیا جا رہا ہے، بین الاقوامی اداروں سمیت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک ، بین الاقوامی میڈیا بھی پاکستان میں معاشی استحکام کا اعتراف کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مہنگائی پر قابو پا کر پالیسی ریٹ کو 22 فیصد سے 12 فیصد تک کم کیا ہے جس کے اثرات براہ راست عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بہتری ، سٹرکچرل ریفارمز ، کاروبار اور صنعت کی ترقی ، کسان کی خوشحالی اور ہر پاکستانی کی زندگی میں بہتری کا سفر جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک طرف معاشی جنگ لڑ رہے ہیں تو ساتھ ساتھ ہم بطور قوم دہشت گردی کے خلاف بھی جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ ہم انشاءاللہ ہمیشہ کی طرح جیتیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں ضلع جہلم کا ہمیشہ ایک اہم کردار رہا ہے ، یہ قربانیوں،غازیوں اور شہیدوں کا ضلع ہے ، ہمیں فخر ہے کہ ہم ایسے ضلع سے تعلق رکھتے ہیں ، جہاں پہ ہر قبرستان میں پاکستان کا جھنڈا لہراتا ہے ، یہاں پہ ہر قبرستان میں اپ کو تقریبا ًایک شہید کی قبر ملتی ہے، یہ ضلع اس ملک کے لیے قربانی دینا جانتا ہے ۔ انہوں نے کیپٹن حسنین اختر شہید کے والد سے ملاقات کا حوالہ بھی دیا جو 20 مارچ کوڈی آئی خان میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب میں ان کے والد سے ملا تو ان کے چہرے پر فخر اور صبر دیکھا جس کی کوئی مثال نظر نہیں آتی ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ضلع جہلم میں اس طرح کی بے تحاشا قربانیاں ہر گھر میں موجود ہیں ، ہم سب کا فرض ہے کہ ان قربانیوں کو سمجھیں اور اپنے جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، سکیورٹی ایجنسیز اور ہر اس بھائی بہن کے ساتھ کھڑے ہو جو ہمارے وطن کے دفاع کےلئے کام کر رہا ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کو یہ پیغام دیں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور انشاءاللہ ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے ، دہشت گردی کی جنگ میں ہم اکٹھے ہیں اور انشاءاللہ اس جنگ کو مل کر جیتیں گے ۔
اس موقع پر وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی نے کامیاب عوامی اجتماع کے انعقاد پر مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت سے اظہار تشکر بھی کیا اور کہا کہ علاقے کے عوام کے مطالبات اور ان کو بہتر سہولیات کی فراہمی کےلئے جامع اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578839