مسلم لیگ ن نے قومی اداروں کو بدنام کرنے کا بیانیہ اختیار کر لیا ہے ،وفاقی وزیر آبی وسائل

59

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے قومی اداروں کو بدنام کرنے کا بیانیہ اختیار کر لیا ہے کہ لیکن وہ اپنے بزدل قائد کو وطن واپس لانے کیلئے تیار نہیں ہے، ن لیگ مریم نواز کو بیرون ملک بھیجنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے لیکن حکومت کسی قیمت پر انہیں باہر جانے کی اجازت نہیں دے گی۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں آئی جی سندھ کے اغوا کے حوالے سے دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے سے گریز کریں، اگر کسی کے پاس اس حوالے سے ٹھوس شوائد ہیں تو پھر وہ انہیں ثابت کرے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ لٹیروں کو جیلوں میں بھیجنے کیلئے پر عزم ہے جنہوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران بے دردی سے قومی خزانے کو لوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی اور تباہ حال معیشت ورثے میں ملی تھی تاہم عوام کو جلد از جلد ریلیف مہیا کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے مزار قائد پر حاضری کے دوران جو حرکت کی وہ نامناسب ہے۔