مسلم لیگ (ن) پروپیگنڈا کر رہی ہے، این سی اے مجسٹریٹ رپورٹ کا شہباز شریف کے مقدمات سے کوئی تعلق نہیں ،وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر

72

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی رپورٹ کے حوالے سے پروپیگنڈا کر رہی ہے، شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے تمام مقدمات پاکستانی عدالتوں میں ہیں، این سی اے مجسٹریٹ رپورٹ کا شہباز شریف کے مقدمات سے کوئی تعلق نہیں ہے، این سی اے کا موجودہ حکم پاکستان میں قابل قبول نہیں ہوگا کیونکہ یہ شہباز شریف فیملی اکائونٹ کی برطانیہ کے اندرونی معاملات پر مبنی رپورٹ تھی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) غلط دستاویزات کے ذریعے عوام اور میڈیا کو گمراہ کر رہی ہے،

این سی اے مجسٹریٹ کے فیصلے کا شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ تین ہفتوں سے این سی اے کی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی اور وہ کیوں اس رپورٹ کو میڈیا اور حکومت کے ساتھ شیئر نہیں کر رہے تھے۔

بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے معاملے میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی اور حکومت نے این سی اے کے ساتھ کوئی جعلی ٹی ٹیز ریکارڈ شیئر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ملک میں کرپشن کے مختلف مقدمات کا سامنا ہے اور عدالتوں میں اپنا دفاع کرنا ان کی ذمہ داری ہے،

شہباز شریف پر 7 ارب روپے کا نیب کا ریفرنس دائر ہے جس کی گزشتہ 6 ماہ سے کوئی سماعت نہیں ہوئی، اس کے علاوہ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف پر 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا بھی کیس ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی قانون کے مطابق این سی اے کے ساتھ کیس سے متعلق معلومات شیئر کی ہیں،

این سی اے کا موجودہ حکم پاکستان میں قابل قبول نہیں ہوگا کیونکہ یہ شہباز شریف فیملی اکائونٹ سے متعلق برطانیہ کا اندرونی معاملہ تھا، جس میں برطانیہ میں سلیمان شہباز کے اکائونٹس کو مشکوک ٹرانزیکشن کی بنیاد پر2018 ء میں منجمد کیا گیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ ڈی جی نیب لاہور کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) غلط بیانی کر رہی ہے، ڈی جی نیب لاہور، ایف بی آر اور دیگر اداروں کے افراد پر مشتمل 6 سے 7 لوگوں کا وفد برطانیہ کی دعوت پر باہمی تعاون کے پروگرام کے حوالے سے 3 سے 4 دن کے دورہ پر گیا تھا،

اس دوران شریف فیملی کے پاکستان میں کیسز کے حوالے سے این سی اے کی ڈی جی نیب لاہور کے ساتھ بات ہوئی، جس کو این سی اے نے اپنے ایک انٹرنل میمو میں لکھا ہے کہ ہماری ڈی جی نیب لاہور سے بات ہوئی ہے اور شریف فیملی کے حوالے سے کوئی انفارمیشن چاہیے تو ہم ضرور تعاون کریں گے، مسلم لیگ (ن) اس معاملے کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہی ہے۔