نارووال۔ 22 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا منشور ملک کی ترقی ہے، نارووال کو تعلیم کا مرکز بنانا میرا مشن اور خواب تھا ،رواں سال نارووال میڈیکل کالج میں کلاسز کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر صوبائی اسمبلی و چئیرمین بیت المال پنجاب خواجہ محمد وسیم کے ہمراہ نارووال پبلک سکول کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے این پی ایس کے طلبہ کی جانب سے لگائی جانے والی سالانہ آرٹ اینڈ سائنس ایگزیبیشن کا معائنہ کیا۔انہوں نےسائنس ایگزیبیشن میں رکھے جانے والے ماڈلز دیکھے اور بچوں کے ساتھ سائنس کے بنیادی اصولوں بارے تفصیلی گفتگو کی۔بعد ازاں وفاقی وزیر احسن اقبال نے این پی ایس کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بھی شرکت کی۔
سکول کےسکائوٹس اور گرلز گائیڈ کے دستوں کیجانب سے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی گئی، اس موقع پرطلبہ کی جانب سے کراٹے سمیت ایتھیلٹکس کے مقابلوں کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر طلبہ اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سائنسی ماڈلز کے ذریعے بچوں نے اپنی ذہانت کا خوب مظاہرہ کیا ہے،میری کامیابی کے پیچھے میری تعلیم موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ نارووال کو تعلیم کا مرکز بنانا میرا مشن تھا اور اس کی تکمیل کے پیچھے میری پندرہ سالوں کی محنت ہے، اسی طرح نارووال پبلک سکول کو ایچی سن کے معیار کے برابرلانا میرا خواب تھا،نارووال پبلک سکول میں کبھی سفارش نہیں کی،آج نارووال پاکستان میں علم کی بستی کے نام سے پہچانا جاتا ہے
نارووال میں ٹیکنیکل ایجوکیشن،انجنئیرنگ،ویٹرنری سمیت یونیورسٹی آف نارووال بھی موجود ہے،کئی بچے اور بچیاں آج نارووال سے بنیادی تعلیم مکمل کرکے انٹرنیشنل یونیورسٹیز میں زیرتعلیم ہیں،امسال نارووال میڈیکل کالج میں کلاسز کا آغاز کردیا جائے گا جبکہ اگلے سال نارووال ایگریکلچر کالج کا بھی آغاز کردیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا منشور ملک کی ترقی ہے، نارووال نے گزشتہ پندرہ سالوں میں تیز ترین ترقی کی ہے، جب بھی مسلم لیگ ن کی حکومت آتی ہے تو ہر طرف ترقی کے منصوبے شروع ہو جاتے ہیں، اس سے پہلے والی پی ٹی آئی کی حکومت نے 4سال میں نارووال میں ایک اینٹ تک نہیں لگائی ،نارووال سپورٹس سٹی کو دوبارہ شروع کررہے ہیں
سپورٹس سٹی کے آغاز سے نارووال کے کھلاڑی پاکستان کی تمام کھیلوں کی قومی ٹیموں میں شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت تعلیم اور ہنر کا دورہے، آنے والے وقت میں وہی بچے کامیاب ہوں گے جو انوویشن کے جذبات رکھتے ہوں،بچوں کی نفسیات پر لڑائی کا بہت بڑا اثر ہوتا ہے اس لئے اپنے بچوں کی بہتر تربیت کیلئے انہیں اچھا ماحول دیں تاکہ وہ اچھے شہری بن سکیں۔ان کا کہنا ہے کہ تکنیکی صلاحیت سوالات کرنے سے بنتی ہے ،بچوں کوسوال کرنے سے کبھی نہ ٹوکیں،اساتذہ کو چاہیے کی وہ بچوں کو سوالات سے روکنے کی بجائے سوالات کے جوابات دیں، بچوں کو جتنا اچھا ماحول ملے گا ، اتنے ہی اچھے وہ انسان بنیں گے
اس کے ساتھ ساتھ بچوں کو اخلاقیات کا درس بھی دیں تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں ۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے کامیاب انعقاد پر ڈپٹی کمشنر نارووال اور پرنسپل این پی ایس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔