اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا یہ طرہ امتیاز رہا ہے کہ جب ان کے پاس کوئی منطق نہیں رہ جاتی تو یہ اپنے سیاسی حریفوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں، مریم صفدر لندن میں چار فلیٹس کی مالک ہیں، 3 سال سے مسلم لیگ (ن) میرٹ پر احتساب نہیں ہونے دے رہی، وزیراعظم عمران خان ایسے وزیراعظم ہیں جن کا کوئی کیمپ آفس نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان نے سادگی کی مثال قائم کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز لندن میں چار فلیٹس کی بینیفشل اونر ہیں، جس پر ان کو سزا ہوئی ہے، جس کیس میں مریم نواز پیش ہوتی ہیں اس کیس میں یہ 12 التوائیں لے چکی ہیں، مریم نواز کی اپنی اپیل پر یہ تین سال سے بحث کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا یہ طرہ امتیاز رہا ہے کہ جب ان کے پاس کوئی منطق نہیں رہ جاتی تو یہ اپنے سیاسی حریفوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں،
اس طرح کی باتوں سے ان کا اپنا ہی سیاسی قد چھوٹا، ان کی تنگ نظری اور چھوٹی سوچ کا عملی مظاہرہ ہوتا ہے، مسلم لیگ (ن) کی لیڈرشپ کو اپنے کیسز پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایسے وزیراعظم ہیں جن کا کوئی کیمپ آفس نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان نے سادگی کی مثال قائم کی ہے، یہ وہ وزیراعظم ہیں جنہوں نے وزیراعظم ہائوس اور وزیراعظم آفس کا تین ارب روپے تین سال کے منظور شدہ بجٹ میں سے بھی ایک ارب 10 کروڑ روپے کی بچت کی ہے، جو تحفے تحائف وزیراعظم عمران خان کو ملے ہیں وہ انہوں نے ملکی خزانے میں جمع کروائے ہیں۔