مسلم لیگ ن کی سیاست عوامی فلاح پر مبنی ہے، امیر مقام

214
سیاست چمکانے والوں کی کارکردگی صفر، پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہر دور میں عوامی مفادات کا تحفظ کیا،وفاقی وزیر انجنیئرامیرمقام

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست خالصتاً عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی پر مبنی ہے۔ ہفتہ کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کے پیسے کی ایک ایک پائی ایمانداری اور شفاف طریقے سے عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے شدید معاشی رکاوٹوں کے باوجود ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے میں نمایاں کامیابیوں پر حکومت کی تعریف کی۔انہوں نے 2023-24 کے بجٹ کے حوالے سے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی، اور پیشہ ورانہ تربیت، آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دینے اور زراعت کے شعبے کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم دیگر تمام ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے کی پالیسی پر بھی کام کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی 9 مئی کی پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے اور ریاستی اداروں اور فوجی تنصیبات پر منظم حملوں میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر زور دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ پوری دنیا میں ایک سنگین جرم ہے اور اسے معاف نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث مجرموں کو قانون اور آئین کے مطابق سزا دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیک ہولڈرز کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ایسی پرتشدد کارروائیاں مستقبل میں دوبارہ نہ ہو سکیں۔