مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی نذیر خان وزیر کی قیادت میں قبائلی وفد کی گورنر خیبرپختونخوا سے ملاقات،مسائل سے آگاہ کیا

42
Faisal Karim Kundi

پشاور۔ 09 جولائی (اے پی پی):جنوبی وزیرستان سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی نذیر خان وزیر کی قیادت میں قبائلی وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی اور انہیں ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث عوام میں پائی جانے والی تشویش ، قبائل کی ترقی کے لئے وفاق سے آنے والے فنڈز کی تقسیم اور وفاقی محکموں سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا ۔

گورنر نے کہا کہ قیام امن میں صوبائی حکومت ناکام ہوچکی ، صوبہ دہشت گردوں کے حوالے کردیا گیا ہے،وفاق سے ضم شدہ اضلاع کے لئے ملنے والے فنڈ کو من پسند علاقوں اور کرپشن کی نذر کیا گیا جس سے قبائل کا احساس محرومی بڑھ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرے مؤقف کی وفاقی حکومت نے تائید کی اور ان مسائل کے حل کے لئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ وفاقی محکموں سے متعلق ان کے مسائل کے حل میں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔