مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا سعودی عرب کے 93 ویں یوم وطنی پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مبارک

122
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Muhammad. Shahbaz Sharif's

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے 93 ویں یوم وطنی پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مبارک دیتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کے قومی دن پر مبارک اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے قیام کو 93 سال مکمل ہونے پر پاکستان کے عوام، اپنے قائد محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دلی خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہیں ۔ 23 ستمبر 1932 کو بانی سعودی عرب عبدالعزیز بن الرحمان آل سعود سے لے کر آج تک آنے والی قیادت کی مسلسل محنت، بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت سعودی عرب شاندار ترقی سے ہم کنار ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان دو بھائی ہیں جنہوں نے وقت اور حالات سے قطع نظر اخوت و بھائی چارے اور تعاون و اشتراک عمل کے برادرانہ تعلقات کو مظبوط سے مظبوط تر بنایا ہے ، سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کی فراخ دلانہ مدد کی ہے جو لائق تحسین اور ناقابل فراموش ہے،

ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان پر لگنے والی پابندیوں کے دوران بھی سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا تھا ، حالیہ عرصے میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں سعودی قیادت نے خصوصی کردار ادا کیا۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر سمیت پاکستان کے معاشی، خارجی اور قومی مفادات کے تحفظ میں سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ۔ انہوں نے دعا کی کہ سعودی عرب ترقی و خوشحالی کی مزید منازل طے کرے اور پاک سعودی برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں۔