اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):مسلم لیگ( ن) کے رکن علی زاہد نے کہاہے کہ ملک کے معاشی حالات بہترہورہے ہیں، محمد نواز شریف اور ہماری جماعت کے منشور کا بنیادی ایجنڈایہ ہے کہ ملک کے عام آدمی کو ریلیف دیا جائے۔ اتوار کوقومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پرعام بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے محمد شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت اور سرپرستی اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ان کی کابینہ نے دن رات محنت کر کے یہ بجٹ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ پیش کرنے پر علی پرویز ملک وزیر خزانہ اور ان کی ساری معاشی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو آئے ابھی 3ماہ ہوئے ہیں اور معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں
سٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے اپنے دور میں سی پیک جیسے گیم چینجر منصوبے کی جڑیں کاٹ کر اس کو تعطل کا شکار کیا۔پیٹرول ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بتدریج کمی آ رہی ہے اور ملکی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کے قائد محمد نواز شریف اور ہماری جماعت کے منشور کا بنیادی ایجنڈایہ ہے کہ ملک کے عام آدمی کو ریلیف دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جناح ہاؤس کو آگ لگائی گئی، جی ایچ کیو پر حملہ کیا گیا اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی جس کی وجہ سے ہم شہداء کے سامنے شرمندہ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کی دفاع کو کمزور کرنے کی سازش کرنے والے اس ٹولے کے خلاف قانون کو حرکت میں لایا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ملکی دفاع کے خلاف شر پسندی نہ کر سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=478226