نارووال۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے چئیرمین بیت المال پنجاب خواجہ محمد وسیم بٹ کے ہمراہ قصبہ بدوملہی کادورہ کیا،سڑکیں بحال پنجاب خوشحال پروگرام کے تحت قلعہ کالروالہ۔بدوملہی روڈ کی بحالی و مرمت کے کام کا افتتاح کردیا اور فٹبال گرائونڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آج بدوملہی کے شہریوں کے دیرینہ مسائل کو حل کردیا گیاہے، پہلی بار اس سڑک کی تعمیر بھی مسلم لیگ کے دور میں ہوئی تھی، دوبارہ تعمیر بھی مسلم لیگ کی حکومت ہی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت میں ہر طرف تعمیر و ترقی نظر آ رہی ہے،تبدیلی سرکار نے 4سالہ دور اقتدار کے دوران کچھ نہیں کیا، تبدیلی کا مہاتما آج اڈیالہ جیل کے اسی سیل میں قید ہے جہاں انہوں نے اپنے دور میں مجھے رکھا تھا۔
احسن اقبال نے کہا کہ اڈیالہ میں دیسی مرغ کھانے اور سوپ پینے کے بعد بھی اس کی چیخیں نکل رہی ہیں، امریکی کانگریس کے ممبران سے عافیہ صدیقی کی رہائی اور کشمیر کی آزادی کی بجائے اپنی رہائی کیلئے دستخط کروا رہاہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بجائے پولیس اور رینجرز کا قتل عام ہوا ہے، کون سی سیاسی جماعت ہے جو آنسو گیس اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہوکر پولیس پر حملہ آور ہوتی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ 2014 میں بھی دھرنا اور سول نافرمانی کی کال دی گئی تھی اور پاکستان کے پاسپورٹ کو جلایا گیا تھا اور آج بھی یہ اپنے تخریبی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں کہ پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہ کرے، جس شخص نے کبھی یونین کونسل نہیں چلائی وہ2018 میں اس ملک پر مسلط کر دیا گیا اور اپنی نااہلی کی وجہ سے اس نے پاکستان کی معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا کے رکھ دی۔ 12 جماعتوں نے مل کر جب حکومت سنبھالی تو ہمیں مشکل ترین فیصلے کرنا پڑے، ہمیں اپنی سیاست سے زیادہ ریاست عزیز ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدے کیے اس کے نتیجے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو مہنگا کرنا پڑا۔ اس مہنگائی کی لہر سے لوگ صبر سے گزرے اور کوئی احتجاج نہیں ہوا کیونکہ لوگوں کو علم تھا کہ اس کڑوی گولی کا ذمے دار وہ شخص ہے جو پاکستان کو بیماری میں مبتلا کرکے گیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آج ہماری سٹاک مارکیٹ بہتر انداز میں کام کررہی ہے، سرمایہ داروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہاہے، ملکی ترقی کیلئے پاکستان کی دھرتی کو امن سکوں اور استحکام دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فسادی اور انتشاری ٹولے کے ہاتھوں یرغمال بن چکی ہے، ان کے پیچھے موجود اسرائیلی لابی چاہتی ہے کہ دنیا کی توجہ فلسطین سے ہٹ کر پاکستان پر لگ جائے۔
احسن اقبال کہا کہ یہ پاکستان کے ساتھ دوستی کے بجائے دشمنی کر رہے ہیں، ہم نے پاکستان کے نوجوانوں کو گالم گلوچ کی بجائے کمپیوٹر اور آئی ٹی کی تعلیم دینی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں نارووال میں کونسا تعلیم کا منصوبہ لگایا اور کون سا تعمیراتی منصوبہ بنایا، پی ٹی آئی کی سوچ ترقی پر مبنی نہیں،4سالوں میں صرف چور چور کا راگ الاپا گیا، ترقی کے لحاظ سے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کا اتنا ہی فرق ہے جتنا کہ دن اور رات کا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے طول و عرض میں تمام ترقی کے منصوبوں پر نواز شریف کی تختی لگی ہوئی ہے، بدوملہی اسٹیشن کے ساتھ ملحقہ اراضی پر پبلک پارک بنایا جائے گا۔احسن اقبال نے کہا کہ میڈیکل کالج میں امسال 100 بچوں کا داخلہ ہو گا، ہم عنقریب اپنا 5سالہ ترقیاتی منصوبہ پیش کریں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ ہم پاکستان سے غربت،بیماری اور بدامنی کو ختم کریں گے، پاکستان کی ترقی بہترین انفراسٹرکچر اور نوجوانوں کو تعلیم مہیا کرنے سے ہوگی۔