مسلم مسیحی کمیونٹی کے مابین اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے”میثاق جڑانوالہ”6 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق طے پاگیا

189
قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کا اجلاس

فیصل آباد۔ 21 ستمبر (اے پی پی):مسلم مسیحی کمیونٹی کے مابین اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے”میثاق جڑانوالہ”6 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق طے پاگیا۔ تقریب میں تمام مسالک کے علماء اکرام،مسیحی کمیونٹی کے پادریوں،ممبران امن کمیٹی و شہریوں نے شرکت کی اور معاہدے پر دستخط کئے ۔

تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ میں مسلم مسیحی کمیونٹی کے مابین اتحاد کو فروغ دینے ، قیام امن اور پیار محبت کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے مرکزی جامع مسجد لنڈا بازار میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ عبدالحنان خان، ایس پی ٹاؤن بلال محمود سلہری،تمام مسالک و مذاہب کے علماء اکرام،مفتی یونس رضوی،مولانا اصغر نوری،مہر اسلم،حاجی نصراللہ، مولانا سکندر حیات ذکی،چوہدری حبیب اللہ عطار،مولانا فضل رسول،سید تطہیر حسین شاہ، سید تصدیق حسین شاہ، حاجی امجد عطاری،میاں وسیم طارق، شیخ ابوبکر، محمد علی ناہرا،صابر رضوی،راجہ بدر منیر،محمد خرم،راشد، سید ظفر حسین شاہ، حاجی اسلم، عمران پراچہ,صدر انجمن تاجر اتحاد شیخ عبدالغفار،حاجی عطا ملک، عبد الروف،امام جامع مسجد قاری ماجد، اقلیتی رہنما شکیل بھٹی،میجر معشوقاور مسیحی کمیونٹی کے پادریوں پادری رضوان،پادری رفافت،فادرخالد مختار،پادری جاوید، پادری مختار، شفقت بھٹی کے ساتھ تاجر برادری ، سول سوسائٹی ، صحافیوں ، صدر پریس کلب مہر آصف نذیراور دیگر شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی ۔

تقریب میں قیام امن کو یقینی بنانے اور مسلم مسیحی کمیونٹی اتحاد کو برقرار رکھنے کیلئے تمام مسالک کے علماء کرام اور پادریوں کی جانب سے میثاق جڑانوالہ کے تحت 6 نکاتی انجیڈے پر دستخط کئے گئے اور تحریر کیا گیا کہ تمام شہری ریاست پاکستان کے دستور کو تسلیم کریں گے،ریاست پاکستان کی عزت و تکریم کو یقینی بنائیں گے ،ہر حال میں ریاست کے ساتھ وفاداری نبھائیں گے۔ جڑانوالہ میں مستقل طور پر مذہبی رواداری اور قیام امن کیلئے مسلم مسیحی کمیونٹی مل کر کام کرے گی۔

پاکستان کے غیر مسلم شہریوں کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ مذہبی رسومات کی ادائیگی اپنے عقائد کے مطابق کریں گے، کوئی شخص بین المذاہب اور بین المسالک فرقہ وارانہ نفرت اور اپنے نظریات کسی دوسرے پر مسلط نہیں کرے گا کیونکہ مذہب اسکی اجازت نہیں دیتا اور ایسا کرنا فساد کے زمرے میں آتا ہے۔آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی بھی مذہب کے مقدسات کی توہین نہیں کی جائے گی، حضرت محمد ؐاور سیدنا حضرت عیسی ؑسمیت تمام انبیاء اکرام ؑکی عزت و ناموس کو یقینی بنایا جائے گا ، تمام آسمانی کتابوں کا احترام بھی یقینی بنایا جائے گا۔

سانحہ جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور اسی طرح چرچوں کی بے حرمتی اور مسیحی کمیونٹی کے گھروں کے جلاؤ گھیراؤ کی ہم سب مسلم مسیحی کمیونٹی کے علماء اکرام اور پادری شدید مذمت کرتے ہیں،اس میں ملوث حقیقی آفراد کو کیفر کردار تک پہنچانے میں ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں ، سانحہ کے مقدمات میں دونوں اطراف سے بے گناہ افراد کو مکمل انصاف اور تحفظ دیا جائے گا ۔

تقریب میں شامل شرکاء نے کہا کہ پنجاب حکومت اور ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی انتھک محنت و لگن کے باعث جڑانوالہ میں دوبارہ امن بحال ہو چکا ہے جس پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ میثاق جڑانوالہ کا مقصد مسلم مسیحی کمیونٹی کے مابین اتحاد ، محبت اور امن کی فضا کو بحال رکھنا ہے اور غیر ملکی طاقتوں کو پیغام دینا ہے کہ انکے ناپاک عزائم کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونگے ۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی۔