مسلم ممالک متحد و یک زبان ہو کر قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ پر موثر آواز اٹھائیں، سید سلیم شاہ

145

ایبٹ آباد۔ 13 جولائی (اے پی پی):پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے سینئر رہنما سید سلیم شاہ نے کہا ہے کہ مسلم ممالک متحد و یک زبان ہو کر قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ پر موثر آواز اٹھائیں۔

ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلمان ایک پرامن قوم ہیں اس لئے کسی بھی عالمی تنازعہ کو ہوا دینے کی بجائے احتجاج پر مجبور ہیں لیکن اس کو مسلمانوں کی کمزوری نہ سمجھا جائے، مسلمان دیگر تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ کسی مسلمان نے کسی دیگر مذہب کو نشانہ تنقید نہیں بنایا یا کسی مقدس کتاب کی بے حرمتی نہیں کی لیکن اغیار کی جانب سے ہر چند ماہ بعد ایسی ناپاک جسارت دھرتی کے امن کو سبوتاژ کرنے کی منظم سازش ہے جس کے پس پردہ کرداروں کو سامنے لانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسلم ممالک اس پر متحد و یک زبان ہو کر موثر آواز اٹھائیں اور انہیں باور کروائیں کہ بے حرمتی کا سلسلہ فوری بند کیا جائے بصورت دیگر مسلم امہ کے غیض وغصب کا مقابلہ دیگر کوئی نہیں کر سکے گا۔