اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):مسلم ورلڈ لیگ ( ایم ڈبلیو ایل ) مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے ایک انقلابی پلیٹ فارم کا آغاز کرے گی۔ ایم ڈبلیو ایل کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق۔’’مسلم معاشروں میں تعلیم کے لیے بین الاقوامی شراکت داری” کے عنوان سے پلیٹ فارم کا باضابطہ افتتاح 11 اور 12 جنوری 2025 کو اسلام آباد میں ایک کانفرنس میں کیا جائے گا۔”مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع” کے عنوان سےہونے والی کانفرنس کا مقصد حکومتی، اسلامی اور عالمی سول تنظیموں کے مابین شراکتیں قائم کر کے ایک وسیع نیٹ ورک تشکیل دینا ہے تاکہ لڑکیوں کی تعلیم کو آگے بڑھایا جا سکے۔
کانفرنس میں بین الاقوامی تنظیموں، حکومتوں، اسلامی اداروں اور سینئر مذہبی رہنماؤں، دانشوروں، میڈیا رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کی بھرپور شرکت ہوگی۔ کانفرنس میں لڑکیوں کی تعلیم میں حائل چیلنجز کو حل کرنے کے لیے حکمت عملیوں کے آغاز اور ان کی ترقی پر توجہ دی جائے گی۔ مسلم معاشروں میں تعلیمی نتائج کو بہتر بنانا، خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں معاشرے کی ترقی میں اپنا جائز اور اہم کردار ادا کرنے کے قابل بنانا شامل ہوگا۔ یہ تمام اقدامات مذکورہ چارٹرز کے اصولوں کے مطابق ہوں گے جنہیں مزید فعال بنانے اور ان پر عمل درآمد کے لیے ایم ڈبلیو ایل کے عزم کے تحت نافذ کیا جائے گا ۔
یہ اقدام میثاقِ مکّہ کے آرٹیکل 25 اور اسلامی مکاتبِ فکر اور فرقوں کے درمیان پل تعمیر کرنے کے چارٹر کے اصول 22 اور 23 پر مبنی ہے۔ ان اصولوں کو دو بین الاقوامی کانفرنسوں کے دوران اجاگر کیا گیا، جو خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی فراخدلانہ سرپرستی میں منعقد ہوئیں۔ مزید برآں یہ اقدام تنظیم تعاون اسلامی( او آئی سی ) کے رکن ممالک کی جانب سے منظور شدہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے گا، جنہیں مسلم ورلڈ لیگ اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرلز کے درمیان دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں اور اسلامی فقہ کونسل اور بین الاقوامی اسلامی فقہ اکیڈمی کے مابین ہونے والے معاہدوں کی روشنی میں تیار کیا گیا تھا۔
یہ کانفرنس ایم ڈبلیو ایل کی مسلم آبادیوں اور ان کی ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے۔ اس کا مقصد اسلامی اصولوں کے مطابق لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینا، اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنااور اس حوالے سے پائی جانے والی غلط فہمیوں کو ختم کرنا ہے۔