اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):مسلم ورلڈ لیگ (ایم ڈبلیو ایل) کے علاقائی ڈائریکٹر سعد بن مسعود الحارثی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد، راولپنڈی، چکری، حویلیاں اور مظفرآباد کے مستحق خاندانوں میں تقریباً 600 قربانی کے جانوروں کا گوشت تقسیم کیا۔
الحارثی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایم ڈبلیو ایل کی تمام سماجی اور انسانی خدمات، خاص طور پر قربانی کے گوشت کی تقسیم، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی کی زیرِ نگرانی اور خصوصی توجہ کے تحت ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام تنظیم کے وسیع مشن کا ایک اہم حصہ ہے تاکہ کمزور طبقے باوقار طریقے سے عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ یہ سیکرٹری جنرل کی ذاتی دلچسپی اور انسانی بہبود کے عزم کا عکاس ہے۔ واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں 1962 ءمیں قائم ہونے والی مسلم ورلڈ لیگ ایک بین الاقوامی اسلامی تنظیم ہے جو متوسط اسلامی اقدار، مذہبی رواداری اور عالمی فلاحی منصوبوں کو فروغ دیتی ہے۔
عیدالاضحیٰ پر گوشت کی تقسیم (اُضحیہ) اس کی مستقل سماجی خدمت کا لازمی جز ہے، جو خاص طور پر مستحق اور محروم طبقات کے درمیان خوراک اور خوشی بانٹنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے ۔
اس اقدام سے واضح ہوتا ہے کہ تنظیم عید کے مبارک دنوں میں بھی پسماندہ خاندانوں کو باوقار زندگی اور معیاری خوراک فراہم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے جبکہ اتحاد و یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینے کی کوششوں کو بھی مزید تقویت مل رہی ہے ۔