اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):مسیحی روحانی پیشوا آرچ بشپ راولپنڈی /اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا ہے کہ مسیحی برادری پسماندہ بہن بھائیوں کو کرسمس کی خوشیوں میں شریک کرے اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور معاشرے میں امن و محبت پھیلانے میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرنے کا عہد کرے ۔ پیر کو کرسمس کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ کرسمس امن آشتی ، محبت اورخوشی کا پیغام ہے۔جوزف ارشد نے مسیحی برادری پر زور دیا کہ وہ اکٹھے ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت اور پیارے ملک کی ترقی کے لئے کام کرے تاکہ ہمارے معاشرے میں امن
محبت اور امید قائم ہو اور ہم سب مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ کرسمس کا تہوار انسانی رشتوں میں امن اور محبت بانٹنے کا دن ہے جبکہ کرسمس توبہ اور معافی کا پیغام بھی ہے۔ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ ہمیں غریبوں اور مصائب کے ماروں میں مسیح کا چہرہ تلاش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔آرچ بشپ نے کہا کہ ہمیں لوگوں کی مدد کے لئے کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت بھی بہت سے لوگ بے روزگاری، صحت، معاشی ضروریات، رہائش اور بہت سے دوسرے مسائل اور چیلنجز سے نبرد آزما ہیں
اس لئے ہمیں خدا کی تمام نعمتوں کو دوسروں تک پہنچانے میں مدد کرنی چاہئے۔اپنے پیغام میں آرچ بشپ نے دکھی انسانیت اور معاشرے میں امن، محبت اور امید غالب رہنے کی دعا بھی کی ہے۔ ڈاکٹر جوزف ارشد نے پاکستان بھر کی مسیحی کمیونٹی کو کرسمس کی مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔