23.7 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومقومی خبریںمسیحی برادری کی سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی اور مدد کی اپیل

مسیحی برادری کی سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی اور مدد کی اپیل

- Advertisement -

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):مسیحی روحانی پیشوا اوراسلام آباد،راولپنڈی ڈائیوسیس کے آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے پاکستان بھر میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے گہری ہمدردی ،دُعائیہ یکجہتی اور قوم سے متاثرہ لوگوں کے لئے مدد کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ المناک سیلاب قیمتی جانوں کے ضیاع، دیہاتوں کی تباہی ، خاندانوں کی بے دخلی کا سبب بنا ہے، اس تباہی کی وجہ سے خاندان اپنے گھر ، مال اسباب اور آمدن کے ذرائع بھی کھو چکے ہیں ۔آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے انٹر نیشنل کمیونٹی سے اس مشکل گھڑی میں بھر پور طریقے سے مدد کی اپیل کی ہے۔ آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ پاکستانی قوم کو اس چیلنج سے مُل جُل کر نمٹنے کی ضرورت ہے اور حکومتی اداروں، فلاحی تنظیموں اور ہر نیک نیت افراد سے ضرورت مند متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئیے ہم سب دعا اورعملی طور پر اپنے دلوں کو کھولیں، پناہ، خوراک، ادویات اور ہر ممکن مدد فراہم کریں تاکہ ہمارے سیلاب زدگان بھائی بہن اس مشکل وقت میں سہارا پا سکیں اور ان مشکلوں سے نکل کر دوبارہ سے نئی زندگی کا آغاز کر سکیں۔

آرچ بشپ جوزف ارشد نے یاد ہانی کرائی کہ قدرتی آفات ہماری توجہ اِس طرف دلاتی ہیں کہ ہم اپنے مشترکہ گھر یعنی کائنات کی حفاظت کریں اور ماحولیاتی بحران کا سامنا کریں جو پاکستان اور دیگر خطوں کو متاثر کر رہی ہیں ، حکومت پاکستان کو ڈیم تعمیر کرنے ،درخت لگانے اور ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے سخت اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے ، متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مدد کرنے کے لئے مسیحی قوم بھی دیگر شہریوں کے شانہ بشانہ متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے میں پیش پیش ہے ، بہت سی مسیحی تنظیمیں خاص طور پر کاریتاس پاکستان اور لوگ متاثرہ شہریوں کی مدد کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ رحمت کا خدا متاثرین کو تسلی دے، جاں بحق ہونے والوں کو اَبدی آرام بخشے اور اُن سب کو برکت جو متاثرین کی خدمت میں سرگرم ہیں، خدا کرے کہ ہمارا ملک پاکستان تمام موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ رہے اور ہماری قوم اس مشکل وقت میں ہمت اور اتحاد کے ساتھ اٹھ کھڑی ہوتاکہ یہ ملک ہمیشہ ترقی اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن رہے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں