مشاورت اور مسلسل مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنے چاہئیں، پیچیدہ مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر سنجیدہ فیصلے کر ناہونگے، گورنر بلوچستان

35

کوئٹہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں دیرپا امن کا قیام، معاشی استحکام اور میرٹ کی پاسداری کی جانب سفر سے متعلق منعقدہ گرینڈ جرگہ کے ضرور مثبت نتائج برآمد ہونگے، جرگہ ہماری ایک شاندار قومی روایت ہے جو اندرونی اور بیرونی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے منعقد کیا جاتا ہے۔ قومی جرگوں کے ڈویژنل سطح پر انعقاد کا مقصد وہاں کے زمینی حقائق اور عوام کو درپیش مشکلات سے متعلق درست بلکہ براہ راست آگہی حاصل کرنا ہے۔ریکوڈک منصوبے کا 25 فیصد منافع بلوچستان کو ملنے کے حوالے سے سابق وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کا کردار قابل ستائش ہے، اس سے پورا علاقہ شاد آباد ہو جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے رخشان ڈویژن کے شہر دالبندین میں جر گہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. جر گہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کمانڈر12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، صوبائی وزراء ، اعلیٰ سول و عسکری حکام علاقائی عمائدین، خواتین اور طلباء سمیت زندگی کے مختلف شعبوں تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے، جر گہ کا آغاز یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی سے ہوا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ڈویژنل سطح پر جرگوں کے انعقاد معاشرے کی خاموش اکثریت کی رائے معلوم کرنے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سرکاری اداروں کو بیدار کرنے میں بھی مدد ملتی ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بعض اضلاع میں بدامنی اور شورش کا مسئلہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کا پائیدار سیاسی حل بھی موجود ہے،حالات جتنے بھی کشیدہ اور مایوس کن ہو پھر بھی ہمیں مشاورت اور مسلسل مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنے چاہیے

گورنر مندوخیل نے کہا کہ پشتون بلوچ کی شاندار اقدار و روایات کے پیش نظر یہ یقین کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ عوامی سطح پر جرگہ کے ذریعہ درپیش مسائل کا آج بھی دیرپا حل نکالا جا سکتا ہے انہوں نے اپنے سیاسی تجربہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی عوامی رائے اور اجتماعی مسائل کو نظر انداز کرنے کی صورت میں ہم سیاسی اور سماجی سطح پر کئی دیگر خدشات و خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ صوبہ میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے بلوچستان کے نوجوان مشکل میں ہیں لہٰذا ہمیں درپیش پیچیدہ مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر سنجیدہ فیصلے کر نا ہونگے،گورنر مندوخیل نے کہا کہ اب بھی روشن امکانات موجود ہیں

کہ ہم کشیدہ صورتحال، معاشی ناآسودگی اور سیاسی بحران کا قابل عمل اور سب کیلئے قابل قبول سیاسی حل ڈھونڈیں، آج کے جر گہ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم آپ کی رائے اور آپ کے نقطہ نظر کو یکجا کرکے ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کرینگے جو امن، ترقی اور خوشحالی کو آگے بڑھانے مددگار ثابت ہوگا۔