مشرقِ وسطی سیز فائر معاہدہ خوش آئند، وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل نے نا ممکن کو ممکن کر دکھایا، رانا مشہود احمد

مشرقِ وسطی سیز فائر معاہدہ خوش آئند، وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل نے نا ممکن کو ممکن کر دکھایا، رانا مشہود احمد

لاہور۔8اپریل (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے مشرقِ وسطی میں ہونے والے سیز فائر معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نا ممکن کو ممکن کر کے عوام کے دل میں گھر کر لیا، یہ پیش رفت خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک مثبت قدم ہے،پاکستان کا نام دنیا کے ہر چینل پر عزت و محبت کے ساتھ گونج رہا ہے،اوورسیز پاکستانیوں کے سینے فخر سے چوڑے ہو گئے ہیں ، دنیا میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سپہ سالار سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے مشرقِ وسطی میں جاری کشیدگی کے پرامن حل اورجنگ کو روکنے کیلئے نیک نیتی سے ثالثی کی مثبت اور موثر کوششیں کیں، جس کے نتیجے میں فریقین میں سیز فائر کا معاہدہ طے پایا۔ رانا مشہود احمد نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان عارضی جنگ بندی کروا کے انہیں امن مذاکرات پہ راضی کروانے پر ساری دنیا پاکستان کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام دنیا کے ہر میڈیا چینل پر گونج رہا ہے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے سینے فخر سے چوڑے ہو گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ جنگ بندی سے نا صرف کشیدگی میں کمی آئے گی بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ اور متاثرہ افراد تک امداد کی فراہمی میں بھی بہتری ممکن ہوگی، 2 ہفتہ کی سیز فائر سے فریقین کے درمیان مذاکرات کے فروغ اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آج بحیثیت پاکستانی مملکت خداداد پاکستان پہ جتنا فخر کریں اتنا کم ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نا ممکن کو ممکن کر کے ہمارے دلوں میں گھر کرلیا ہے، آج اتنی خوشی اور فخر کا موقع ہے کہ میرا ملک میرا وطن امن کے لیے سب سے اہم کردار ادا کررہا ہے، دعا ہے کہ پاکستان کے لیے فخر کا موقع ساری دنیا کے لیے امن کا پیغام لیکر آئے، آج پاکستان کی کوششیں رنگ لائی ہیں۔