مشرقی یورپ کے ممالک کوپاکستانی برآمدات میں 23 فیصد ،درآمدات میں 46.30 فیصد اضافہ

113
State Bank

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):پاکستان اورمشرقی یورپ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں رواں مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے،رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں مشرقی یورپ کے ممالک کوپاکستانی برآمدات میں 23 فیصد جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 46.30 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے پہلے5ماہ میں مشرقی یورپ کے ممالک ہنگری، رومانیہ، روس، یوکرین اورخطہ کے دیگرمماک کوبرآمدات سے پاکستان کو304.87 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 23 فیصدزیادہ ہے،

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی یورپ کے ممالک کوبرآمدات سے پاکستان کو247.85 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔نومبر میں مشرقی یورپ کے ممالک کو61.62 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی، گزشتہ سال نومبرمیں ان ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 57 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا، مالی سال 2021 میں مشرقی یورپ کوپاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 708.45 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے5ماہ میں مشرقی یورپ کے ممالک سے درآمدات میں 46.30 فیصداضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔جولائی سے نومبر2021 تک کی مدت میں مشرقی یورپ کے ممالک سے 628.17 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں ،

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک سے 439.37 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں، نومبر2021 میں ان ممالک سے 219.67 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی، گزشتہ سال نومبرمیں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 165.55 ملین ڈالررہا ۔ مالی سال 2021 میں مشرقی یورپ کے ممالک سے درآمدات کا مجموعی حجم 1.135 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔